[]
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ4 جون کے بعد ملک میں کانگریس کی زیر قیادت انڈیا اتحاد کی حکومت قائم ہوگی اور 9جون کو راہول گاندھی وزیر اعظم کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ چیف منسٹر کل،کیرالا کے حلقہ پارلیمنٹ وائناڈ میں راہول گاندھی کی تائید میں انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دو پریواروں کے درمیان لڑائی چل رہی ہے۔ ایک طرف مودی پر یوار ہے جن کے پاس ای ڈی، ای وی ایمس، سی بی آئی، انکم ٹیکس، اڈانی اور امبانی ہیں دوسری جانب انڈیا اتحاد کے پریوار کے پاس سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور وائناڈ خاندان ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کے اتحاد ویکجہتی کے لئے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے اپنی جانوں کو قربان کیا ہے۔سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے وزیر اعظم کے عہدہ کی پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔
وائناڈ میں راہول گاندھی کیلئے مجھے انتخابی مہم چلانے کی ضرورت نہیں ہے لیکن میں راہول گاندھی کیلئے وائناڈ کے عوام کی محبت دیکھنے کے لئے یہاں آیا ہوں۔ گزشتہ الیکشن میں وائناڈ میں راہول گاندھی کو65 فیصد ووٹ ملے تھے اس بار75 فیصد ووٹ ملنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ وائناڈ کے عوام نہ صرف ایک ایم پی امیدوار کو نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کے وزیر اعظم کو ووٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر کیرالا وجین کو سخت تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ وائناڈ میں بی جے پی امیدوار سریندرن کی حمایت کررہے۔
پنارائی وجین اپنی ہی پارٹی سی پی ایم کے ساتھ مل کر کیرالا کے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ وجین، ای ڈی اور انکم ٹیکس کی معاملت کی وجہ سے سی پی ایم پارٹی کیلئے کام نہیں کریں گے۔ منی پور میں جہاں فرقہ پرست غنڈوں کے ہاتھوں سینکڑوں عیسائی مارے گئے اس کے باوجود پی ایم مودی اور امیت شاہ نے منی پور کا دورہ نہیں کیا جبکہ راہول گاندھی نے وہاں پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں حوصلہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ، کرناٹک، جھارکھنڈ اور دہلی کی حکومتیں مرکز کے ساتھ حصول فنڈ کیلئے جدوجہد کررہی ہیں۔ لیکن کیرالا کے چیف منسٹر مرکزی حکومت سے لڑنا نہیں چاہتے کیونکہ مرکز سے ان کے مفادات وابستہ ہیں۔