[]
حیدرآباد: وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ہر مرتبہ مودی (الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں) ای وی ایمس کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ سنسنی خیز تبصرہ کیا ہے جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ای وی ایم کے خلاف جاری مہم کو تقویت حاصل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران بھی پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں یہی بات کہتے ہیں کہ نریندرمودی اورای وی ایم جتنے دن رہیں گے کانگریس کو حکومت ملنے والی نہیں ہے۔
انہوں نے پوچھا کہ مودی، ای وی ایم ہٹانے سے کیوں خوفزدہ ہیں۔ ای وی ایم سے ان کا کیا رشتہ، کیا لین دین ہے؟ ای وی ایم ہٹانے سے کیوں ان کو تکلیف ہورہی ہے؟ بی جے پی بیالٹ پیپر پر انتخابات لڑنے سے کیوں خوفزدہ ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں بیالٹ پیپر پر انتخابات ہورہے ہیں، صرف ہندوستان میں ہی ای وی ایم کا استعمال کیا جارہا ہے۔ کوئی تجربہ کیا جاتا ہے اور جب وہ تجربہ ناکام ہوتا ہے تو اس کو چھوڑدینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی ایم پر سے عوام اور ہمارا بھروسہ ختم ہوگیا ہے۔ صرف بی جے پی کو ہی ای وی ایم پر بھروسہ ہے۔ بی جے پی کا بھروسہ ملک کے لئے کافی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا بھروسہ ضروری ہے۔ اسی لئے عوام جیساچاہتے ہیں، اسی کے مطابق انتخابات ہونے چاہئیں تب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔