باپ اور بیٹے کا جیل جانا یقینی: وینکٹ ریڈی

[]

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی کے طنز کا جواب دیتے ہوئے جس میں بی آر ایس نے یہ پیش قیاسی کی تھی کہ ریاست کی کانگریس حکومت ایک سال سے زائد دنوں تک نہیں چلے گی، تلنگانہ کے وزیرآر اینڈ بی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چہارشنبہ کے روز دعویٰ کیا کہ آئندہ3ماہ میں بی آر ایس کا وجود ختم ہوجائے گا، اور

اس پارٹی کے صرف3، ایم ایل ایز باقی رہ جائیں گے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، بی آر ایس سربراہ وسابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اس بیان پر ردعمل کا اظہار کرر ہے تھے، جس میں کے سی آر نے منگل کے روز پیش قیاسی کی تھی کہ ریاست کی کانگریس حکومت ایک سال سے زائد عرصہ تک نہیں چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگرکے سی آر میں ہمت ہے تو وہ کانگریس پارٹی کو چھو کر دکھائیں اور انہوں نے انتباہ دیا کہ بی آر ایس کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا۔نلگنڈہ میں آج میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آ رایس قائدین، ایم ایل ایز کو خرید نے کی سازش کررہے ہیں۔

انہوں نے چیالنج کیا کہ، لوک سبھا الیکشن میں بی آر ایس ایک بھی لوک سبھا نشست پر کامیابی حاصل نہیں کرپائے گی۔ انہوں ے کہا کہ اگر بی آر ایس کو ایک نشست پر کامیابی ملتی ہے تو وہ کسی بھی قسم کی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ آئندہ ماہ منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات کے بارے میں انہوں نے کہاکہ ان انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی میں ہی راست مقابلہ رہے گا۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی، ریاست کے 12سے13 لوک سبھا نشستوں سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ باپ اور بیٹے (کے سی آر اور کے ٹی آر) دونوں یقینی طور پر جیل جائیں گے۔چرلہ پلی جیلی میں ڈبل بیڈروم تعمیر کیا گیا ہے جہاں ہم ان دونوں کا خیرمقدم کریں گے۔

انہوں نے پیشرو بی آر ایس حکومت کی ڈبل بیڈروم ہاوزنگ اسکیم کا بھی مذاق اڑایا۔ بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے منگل کے روز سنگاریڈی میں منعقدہ پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست کی کانگریس حکومت مزید ایک سال سے زائد عرصہ تک نہیں چلے گی۔ کے سی آر نے یہ بھی کہا تھا کہ بی جے پی میں کون، کب شامل ہوگا، نہیں معلوم۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی خود، بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ کے سی آر نے تبصرہ کیا تھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *