[]
ریاض ۔ کے این واصف
صحت مند معاشرے کی تعمیر کے لیے پری پرائمری تعلیم کو بہتر بنانا ہم سب کے لیے ایک مہم ہے جس کے ذریعے ہم اپنی نئی نسل کو ایک روشن مستقبل کی ضمانت دے سکتے ہیں۔یہ بات جامعہ ملیہ اسلامی، دہلی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور سید عابد حسین سینئر سیکنڈری اسکول (جامعہ) کے سابق پرنسپل نصیب احمد خاں نے کہی۔ وہ مہدی ولا نہٹور میں قائم سٹی کراؤن پبلک اسکول کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول کے بانی غزال مہدی نے ڈیڑھ سال قبل صحت کے شعبہ میں پہل کی اور نہٹور میں ایک مفت شوگر اور بلڈ پریشر جانچ اور کاؤنسلنگ سنٹر قائم کیا اور اب وہ معیاری پری پرائمری تعلیم کے ذریعے معاشرہ کو ایک بہتر سمت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ غزال مہدی نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں معیاری پری پرائمری تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے چھوٹے بچوں کو میلوں دور دوسرے شہروں میں بھیجنا پڑتا ہے، اس خلا کو پر کرنے کے لیے انہوں نے یہ پری پرائمری اسکول قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکول میں بچوں کو ایسا ماحول دیا جائے گا جس میں بچے اسکول کو اپنا بہترین دوست سمجھیں گے اور اس سے محبت کریں گے۔مہمان خصوصی ساہو نریندر گپتا جو دھام پور تحصیل میں بہت سے ثانوی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے بانی ہیں، نے کہا کہ 25 سال بیرون ملک رہنے کے بعد غزال مہدی اگر چاہتے تو امریکہ یا یورپ کے کسی بھی ملک میں آباد ہو سکتے تھے لیکن اپنی مٹی سے یہ ان کی محبت ہی ہے جو ان کو اپنے وطن واپس لے آئی اور اور اب وہ صحت اور تعلیم کے میدان میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس تقریب سے اسکول کی پرنسپل رضیہ زیدی کے علاوہ ایڈوکیٹ سدھیر کمار، بیتا رانی، میجر چرن سنگھ، مختار احمد، مہاویر سینی، کامریڈ غلام صابر، ایس شادمان نے بھی مخاطب کیا۔ اس پروقار افتتاحی تقریب میں شہر کی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
،