روسی صدارتی انتخابات، ہم کیا جانتے ہیں؟

[]

پوتن سن 2000 میں پہلی بار اقتدار میں آئے تھے۔ وہ سابق سوویت یونین کے آمر جوزف اسٹالن کے بعد روس پر سب سے زیادہ طویل عرصے تک حکومت کرنے والے رہنما ہیں۔

روسی صدارتی انتخابات، ہم کیا جانتے ہیں؟
روسی صدارتی انتخابات، ہم کیا جانتے ہیں؟
user

Dw

رواں ہفتے روس میں صدارتی انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے اور ان انتخابات میں ایک مرتبہ پھر روسی صدر ولادیمیر پوتن کی فتح تقریباﹰ یقینی ہے۔ یوں وہ سن 2030 تک روسی صدر کے عہدے پر فائز رہیں گے۔روس میں ہر وہ اپوزیشن رہنما جو صدر پوتن کے لیے کسی بھی طرح کا سیاسی خطرہ بن سکتا تھا، وہ یا تو جیل میں ہے یا جلاوطن۔ ملک کے تمام آزاد میڈیا ادارے جو حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر سکتے تھے، بند کیے جا چکے ہیں۔ اس وقت 146 ملین آبادی کے اس ملک کے الیکٹورل عمل پر ماسکو حکومت کا مکمل کنٹرول ہے۔

تاہم اس کے باوجود گزشتہ دو برس سے جاری یوکرینی جنگ کی وجہ سے پوری دنیا کی نگاہیں روسی صدارتی انتخابات پر ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ روس میں انتخابات کا نظام کیا ہے اور بیلٹ پیپر پر کون کون ہے؟

روس میں ووٹر کی اہلیت

تمام روسی شہری جن کی عمر اٹھارہ برس یا اس سے زائد ہو اور جو کسی عدالت سے مجرم قرار نہ دیے گئے ہوں، ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق روس اور روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقوں میں اس وقت مجموعی طور پر ایک سو بارہ اعشاریہ تین ملین اہل ووٹر ہیں جب کہ مزید ایک اعشاریہ نو ملین ووٹر بیرون ممالک مقیم ہیں۔

دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 67 اعشاریہ پانچ فیصد تھا جب کہ مبصرین اور عام افراد نے ان انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی اطلاعات دی تھیں۔ سن 2021 کے پارلیمانی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ اکیاون اعشاریہ سات فیصد رہا۔

رقبے کے اعتبار سے دنیا کے اس سب سے بڑے ملک میں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جمعے کو شروع ہو گا اور اتوار تک جاری رہے گا۔ روسی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ ایک روز کی بجائے تین روز تک ہو رہی ہے۔ اس سے قبل روس میں سن 2020 میں اُس ریفرنڈم کے لیے بھی ووٹنگ کئی روز تک جاری رہی تھی، جس کے نتیجے میں ولادیمیر پوتن کو مزید دو مرتبہ صدر کے عہدے کے لیے انتخابی معرکے میں شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ روسی صدارتی انتخابات میں آن لائن ووٹنگ کا استعمال بھی ہو رہا ہے۔ روس کے 27 خطوں کے علاوہ سن 2014 میں غیرقانونی طور پر قبضے میں لیے یوکرینی علاقے کریمیا میں لوگ آن لائن طریقے سے ووٹ ڈال سکیں گے۔ حالیہ دو برسوں میں غیرقانونی طور پر روس میں ضم کیے گئے یوکرینی علاقوں ڈونیٹسک، لوہانسک، زاپوریژیا اور خیرسون میں بھی روسی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ ہو گی تاہم ان علاقوں پر روسی فوج کا مکمل کنٹرول نہیں ہے۔

صدارتی امیدوار کون کون؟

اکہتر سالہ پوتن آزاد امیدوار کے طور پر پانچویں مدت صدارت کے لیے ان انتخابات میں شریک ہیں۔ اگر وہ انتخابات جیتتے ہیں تو اگلے چھ برس کے لیے وہ روسی صدر کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ حالیہ دستوری ترامیم کے مطابق وہ دو ہزار تیس میں بھی صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکیں گے، یعنی قانونی طور پر وہ دو ہزار چھتیس تک ملکی صدر کے عہدے کے لیے اہل ہیں۔

پوتن سن 2000 میں پہلی بار اقتدار میں آئے تھے۔ وہ سابق سوویت یونین کے آمر جوزف اسٹالن کے بعد روس پر سب سے زیادہ طویل عرصے تک حکومت کرنے والے رہنما ہیں۔ صدارتی انتخابات میں ولادیمیر پوتن کے ‘مخالف‘ امیدوار بھی پارلیمان میں روسی حکومت کی حلیف جماعتوں ہی کے رہنما ہیں۔

صدارتی عہدے کی دوڑ میں کمیونسٹ پارٹی کے نکولائی خاریتونوف، نیشنلسٹ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے لیونِد سلوسکی اور نیوپیپلز پارٹی کے ولادیسلاف دوانکوف ہیں۔ خارتینوف سن 2004 کے صدارتی انتخابات میں بھی پوتن کے مخالف کھڑے ہوئے تھے اور بھاری فرق سے ہارے تھے۔

انتخابات میں شریک تقریباﹰ تمام امیدوار یوکرین پر روسی حملے سمیت ماسکو حکومت کی پالیسیوں کے حامی ہیں۔ سابقہ انتخابات سے واضح ہے کہ ایسے امیدوار بہ ظاہر پوتن کے مقابلے میں کبھی کوئی خطرہ نہیں بنے۔ پچھلے صدارتی انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کو گیارہ اعشاریہ آٹھ فیصد ووٹ ملے تھے جب کہ پوٹن نے 76 اعشاریہ سات فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔

پوتن کے مقابلے میں سب سے اہم رہنما بورس نادیزدن تھے، جنہوں نے یوکرینی جنگ کے خاتمے کا نعرہ لگایا تھا۔ صدارتی معرکے میں داخل ہونے کے لیے درکار انہوں نے غیرمعمولی حمایت کے ساتھ عوامی دستخط بھی حاصل کیے تھے تاکہ انتخابات میں شریک ہو سکیں، تاہم الیکشن کمیشن نے ان کے کاغذاتِ نامزدگی یہ کہہ کر رد کر دیے کہ ان کے مہیا کردہ عوامی دستخطوں میں زیادہ تر جعلی ہیں۔

ان انتخابات میں پوتن کی اپوزیشن کرنے والا کوئی رہنما شریک نہیں ہے۔ ایسے تمام افراد یا تو اس وقت جیلوں میں ہیں اور یا پھر جلا وطن ہیں۔ حال ہی میں پوتن کے شدید مخالف اور عالمی سطح پر سب سے زیادہ معروف اپوزیشن رہنما الیکسی نوالنی جیل میں انتقال کر گئے۔ سن 2018 میں انہوں نے صدر پوتن کے خلاف صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی کوشش کی تھی، مگر انہیں روک دیا گیا تھا۔

کیا روسی انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے؟

آزاد مبصرین کے مطابق روسی انتخابات کے صاف اور شفاف ہونے کے امکانات محدود ہیں۔ مبصرین نے انتخابات کو کئی روز تک پھیلانے اور آن لائن ووٹنگ پر بھی تنقید کی ہے اور انہیں انتخابی شفافیت کو مزید نقصان پہنچانے سے عبارت کیا ہے۔ اپوزیشن کے مطابق سن 2021 میں ڈیجیٹل ووٹنگ میں بے ضابطگیوں کے واضح شواہد سامنے آئے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے بھی انتخابات سے جڑی بے ضابطگیوں کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ ویڈیوز سے ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سن 2018 کے صدارتی انتخابات سے متعلق یورپی تنظیم برائے ترقی و سلامتی (OSCE) کے انٹرنینشل الیکشن آبزرویشن مشن نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ انتخابات میں کوئی حقیقی مقابلہ موجود نہیں تھا اور روس تمام ناقدانہ آوازوں کو دباؤ کا سامنا ہے۔


;

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *