[]
نظام آباد:6 / مارچ (اردو لیکس) مسلمانوں کو آبادی کے تناسب سے قانون ساز اداروں میں نمائندگی ضروری ہے تاکہ سماجی انصاف ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و ایم ایل سی نے آج سہ پہر لمرا گارڈن فنکشن ہال بودھن روڈ نظام آباد میں المکتب الاسلامی نظام آباد کے زیرا ہتمام ان کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔
عامر علی خان نے کہا کہ فرقہ پرستی کے خاتمہ اور سیکولرازم کے استحکام کیلئے سب سے پہلے مسلم ووٹوں کے تناسب سے 5 تا 10 فیصد اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔یہ کوشش فرقہ پرست کے ناپاک عزائم کو کامیاب بناسکتی ہے۔ عامر علی خان نے کہا کہ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں ملک بھر میں 200 ایسے پارلیمانی حلقے ہیں جہاں بی جے پی کے امیدوار صرف 2 ہزار تا 10 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں
ملک میں سیکولرازم کی فضاء کو فروغ دینے کیلئے مسلمانوں کو گھروں سے نکال کر پولنگ بوتھس پہونچانے کی ضرورت ہے۔ بالخصوص مسلم خواتین کے ووٹنگ تناسب میں اضافہ کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ عامر علی خان نے بتایا کہ ریاست میں ایس ٹی طبقہ کی آبادی 43 لاکھ ہے، ان کا سالانہ بجٹ 9 کروڑ 800 لاکھ ہے ایس سی طبقہ کی آبادی 56 لاکھ سے زیادہ ہے ان کا بجٹ 17 ہزار کروڑ ہے۔ اقلیتوں کی آبادی 50 لاکھ تا 60 لاکھ کے درمیان ہے تاہم ان کابجٹ 2200 کروڑتھا۔
انہوں نے بتایا کہ بی آرایس اور کانگریس کے سامنے اقلیتوں کا بجٹ 5 ہزار کروڑ روپئے کرنے کی تجویز پیش کی کانگریس نے ہماری تجویز کو قبول کیا۔ کانگریس نے مجموعی بجٹ میں 2200 سے زیادہ کا بجٹ مختص کیا گیا مکمل بجٹ میں 4 ہزار کروڑ سے زیادہ بجٹ ہوسکتا ہے۔ اقلیتوں کیلئے جو بجٹ مختص کیا جارہا ہے اس کو مکمل طور پر ا خرچ کرنے پر اقلیتوں کے معاشی مسائل بہتر ہوسکتے ہیں
۔انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں غور و فکر کرتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ فسطائی طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھا جاسکے۔ حافظ محمد لئیق خان صدر ضلع جمعیت العلماء نظام آباد نے عامر علی خان خان کا خیر مقدم کیا اور اپنے خطاب میں روزنامہ سیاست کی ملی، تعلیمی، سماجی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ روزنامہ سیاست ایک تحریک ہے عامر علی خان کی جانب سے شروع کردہ 12% فیصد مسلم تحفظات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ عامر علی خان سے قوم و ملت کو کافی امیدیں وابستہ ہیں۔
گورنر کوٹہ میں کونسل کا رکن بنانے پر عامر علی خان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں عامر علی خان کے ہاتھوں محاسن ولی اللہ کتاب کی رسم اجرائی عمل میں آئی ہے۔ اس موقع پرمولانا عبدالقوی حیدرآباد، مولانا عظمت اللہ سعیدذمہ دار شریعہ بورڈ، حافظ فیاض، مولانا ارشد علیم، حافظ اشرف علی، مولانا عبدالقیوم شاکر، مولانا عبدالقدیر حسامی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔