[]
حکومت ہند کے سائنس اینڈ انجینئرنگ ریسرچ بیورو (ایس ای آر بی) کی ورکشاپ کے اختتام کے موقع پر جامعہ ہمدرد میں ایک مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا
نئی دہلی: حکومت ہند کے سائنس اینڈ انجینئرنگ ریسرچ بیورو (ایس ای آر بی) کی ورکشاپ کے اختتام کے موقع پر جامعہ ہمدرد میں ایک مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایس آر بی حکومت ہند کا ایک ایسا نظام ہے جو ملک میں نوجوانوں میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی مہارتوں کی نشوونما کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کرتا ہے، تاکہ نوجوانوں میں سائنس کے بارے میں بیداری اور قوم کی تعمیر میں شراکت کو متاثر کیا جا سکے۔
27 فروری سے شروع ہونے والی اس ورکشاپ میں ملک کی مختلف یونیورسٹیوں جیسے دہلی یونیورسٹی، جامعہ ملیہ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی وغیرہ سے 25 امیدوار شامل تھے۔ اس ورکشاپ کے اختتام کے سلسلے سے حکیم عبدالحمید آڈیٹوریم میں آل انڈیا مشاعرہ اور کوی سمیلن کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ ہمدرد کے سرپرست اعلیٰ چانسلر حماد احمد اور وائس چانسلر پروفسر محمد افشار عالم کی سرپرستی اور رہنمائی میں منعقد ہونے والے اس مشاعرہ میں ملک کے نامور شعراء کرام نے شرکت کی۔
ہندی کے ماہر اور مشہور شاعر پروفیسر رحمن مصور کی نظامت میں تحسین منور، صہیب فاروقی، علینا عترت، شکیل جمالی، اقبال فردوسی، افضل منگلوری، ابھیشیک تیواری، سارکا ملک وغیرہ نے اپنی تخلیقات سے سامعین اور ناظرین کو مسحور کیا۔ کلچرل کوآرڈینیٹر پروفیسر خورشید احمد انصاری نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے جامعہ ہمدرد کے سماجی اور صحت کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور شیخ جامعہ افشار عالم کی قیادت میں یہ ادارہ تحقیق و تعلیم کے میدان میں ہی نہیں ثقافتی سرو کاروں میں جس رفتار سے گامزن ہے وہ قابل رشک ہے۔
شعراء کا خیر مقدم کرتے ہوئے آرگنائزنگ سیکرٹیری پروفیسر سہیل پرویز کو تحسین پیش کیا جن کی ورکشاپ کے تحت یہ مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے سائنس کے محققین کے علاوہ طلباء اور انتظامی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں رجسٹرار ڈاکٹر ایم اے سکندر نے شعراء کرام کے علاوہ تقریب کے اسپانسرز وکاس دیال اور انل جی کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;