[]
نئی دہلی: تلنگانہ کے رہنے والے ایک شخص نے دہلی میں انڈیا گیٹ پر فوٹو گرافر کے طور پر کام کرنے والے ایک شخص کو چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ آج چہارشنبہ کو پیش آیا جس میں تلنگانہ کے 27 سالہ شہری سری ملا یوہان نے انڈیا گیٹ پر ایک 28 سالہ فوٹو گرافر پر صرف اسی لئے چاقو سے حملہ کردیا کیونکہ اس نے یوہان کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن جانے کا راستہ نہیں بتایا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی کی شناخت نیپال سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ حملہ میں اس کی گردن اور انگلیاں زخمی ہوگئیں۔
ایک پولیس افسر کے مطابق ملزم کی شناخت 27 سالہ سری ملا یوہان کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ تلنگانہ سے دہلی گھومنے کے لئے گیا تھا۔ اس دوران اس نے انڈیا گیٹ کا بھی دورہ کیا۔
انڈیا گیٹ کا دورہ کرنے کے دوران یوہان اور نیپال سنگھ کے درمیان ایک مسئلے پر بحث ہوگئی جس کے بعد یوہان نے نیپال سنگھ پر چاقو سے حملہ کردیا۔
نیپال سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ یوہان اس سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن جانے کے راستہ کے بارے میں پوچھ رہا تھا۔ جب اس نے کہا کہ وہ اس بارے میں نہیں جانتا تو یوہان نے اس پر چاقو سے حملہ کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ لڑائی کی وجہ کی تصدیق کی جا رہی ہے۔