[]
غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدہ ہونے تک جنگ بندی مذاکرات جاری رکھیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قاہرہ میں ہونے والے حالیہ مذاکراتی دور میں اسرائیلی مذاکرات کاروں کی غیر موجودگی کے باوجود حماس غزہ میں جنگ بندی کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس غزہ میں جاری جارحیت کے خاتمے کے لیے درکار لچک دکھا رہی ہے لیکن اسرائیل اب بھی کسی معاہدے سے کترارہا ہے۔
خیال رہے کہ رمضان سے قبل 40 روزہ جنگ بندی کے لیے حماس، قطر اور مصر کے مذاکرات کار قاہرہ میں موجود ہیں تاہم اسرائیلی مذاکرات کار وہاں موجود نہیں ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں اب تک 30 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 72 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔