[]
مدھیہ پردیش میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کے دوران ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے ’جل، جنگل، زمین‘ کے حوالے سے آدیواسیوں سے متعلق بی جے پی اور اس کی پالیسیوں پر جم کر تنقید کی۔
مدھیہ پردیش کے رتلام کے بدناور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی کو جم کر آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مودی جھوٹوں کے سردار ہیں۔ وہ بتائیں کہ ہر سال 2 کروڑ نوکریاں اور 15 لاکھ روپئے کے وعدوں کا کیا ہوا؟ مودی ہمیشہ جھوٹ بولتے رہتے ہیں اور مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے وہ منتخب حکومتیں گراتے ہیں۔
کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ آج مدھیہ پردیش میں ہر طرف افراتفری کا ماحول ہے۔ اس سے پہلے بھی (بی جے پی حکومت) غلط کام کرتی رہی ہے۔ شیوراج سنگھ چوہان 15 دن پہلے گلبرگہ آئے تھے۔ انہوں نے وہاں کہا تھا کہ راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے مل کر کانگریس کو ختم کر رہے ہیں۔ جب میں ایئرپورٹ پر اترا تو وہاں موجود لوگوں نے مجھ سے پوچھا کہ شیوراج سنگھ چوہان نے ایسا کیوں کہا؟ تو میں نے پوچھا کہ شیوراج سنگھ چوہان کو بی جے پی سے کیوں نکالا گیا؟ کیا بی جے پی ختم ہونے والی ہے؟ میں نے کہا آپ پہلے اس کا جواب دیں پھر میں جواب دوں گا۔ شیوراج سنگھ یہ بھول گئے ہیں کہ ویاپم میں ہزاروں کروڑ کا بہت بڑا گھوٹالہ ہوا تھا۔ ہم لوگوں نے اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں اٹھایا لیکن شیوراج سنگھ چوہان نے اس پر کچھ نہیں بولا۔
کھڑگے نے کہا کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ جو لوگ ’جل، جنگل ،زمین‘ پر قبضہ کر رہے ہیں، انہیں روکیے۔ اس کے لیے آپ کے اتحاد کی ضرورت ہے۔ آپ لوگوں کو کہنا پڑے گا کہ یہ ہماری جائیداد ہے ہم اسے بیچنے نہیں دیں گے۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں آپ کو یہ بھی کہنا پڑے گا کہ 3 لاکھ جنگلاتی حقوق کے لیز کو انہوں نے مسترد کر دیا۔ کیا یہ غریبوں کے لیے کام کر نے والے لوگ ہیں۔ جو لوگ ہماری لیز کو مسترد کرتے ہیں، جو لوگ جنگل کو لوٹتے ہیں کیا وہ لوگ غریبوں کے لیے کام کر سکتے ہیں؟ کبھی نہیں۔ کانگریس کے قومی صدر نے کہا کہ مودی جی گارنٹی کی بات کر رہے ہیں۔ 2 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، پندرہ لاکھ دینے کا وعدہ کیا تھا، کیا دیا؟ نہیں دیا۔ وہ ہمیشہ جھوٹ بولتے رہتے ہیں۔ وہ جھوٹوں کے سردار ہیں۔ وہ ای ڈی و سی بی آئی لگاتے ہیں۔ انہوں نے یہاں کے ارکان اسمبلی کو خرید کر ہماری حکومت گرائی۔ جیتے کے بعد بھی گرانے والے لوگ بی جے پی کے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر و ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے مجھے کسی نے ویڈیو بھیجا، ریاست کا کوئی لیڈر تھا۔ میں نے ویڈیو چیک کی، اس ویڈیو میں ایک قبائلی نوجوان پر وہ پیشاب کر رہا تھا۔ میں نے سوچا کہ کیسی سوچ ہے بی جے پی کے لیڈر کی کہ وہ ایک قبائلی نوجوان پر پیشاب کر رہا ہے اور کوئی اس کی ویڈیو بھی بنا رہا ہے۔ یہ ویڈیو نہ صرف مدھیہ پردیش بلکہ پورے ملک میں وائرل ہوا۔ ملک سے باہر بھی گیا ہوگا۔ یہ ہے بی جے پی کا نظریہ ہے۔ صرف قبائلیوں کے ساتھ نہیں بلکہ دلتوں، غریب پسماندہ لوگوں کے ساتھ بھی۔ کچھ دن پہلے میں نے ان کی تقریر میں سنا تھا کہ انہوں نے قبائلیوں کو ’ون واسی‘کہنا شروع کر دیا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ آدیواسی وہ ہوتا ہے جو زمین کا سب سے پہلا مالک تھا۔ آدیواسی لوگ ہی ہندوستان کے اصل مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو روزگار نہیں ملے گا۔ کیونکہ مودی حکومت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو ختم کر دیا ہے اور یہ لوگ تھے جو روزگار فراہم کرتے تھے۔ پورا کام اب صرف چند سرمایہ داروں کے لیے ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;