حج کمیٹی آف انڈیاسی ای او لیاقت علی آفاقی سے وسیم احمدخان، خازن حج سوسائٹی نظام آبادکی ملاقات

[]

نظام آباد:5/مارچ (اردو لیکس) وسیم احمدخان خازن حج سوسائٹی نظام آباد کومرکزی حج کمیٹی کی جانب سے دہلی میں منعقدہ دوروزہ ٹرینرس ٹریننگ کیمپ کیلئے منتخب کیاگیا۔3/مارچ2024ء کو پلیمنری ہال وگیان بھون مولاناآزاد روڈ دہلی میں پہلے سیشن کا آغاز اسمرتی ایرانی مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کی تقریر سے ہوا۔

 

دوسرے دن 4/مارچ2024ء دوسرے سیشن کاڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن آڈیٹوریم کیندر ودیالیہ، دہلی کنٹونمنٹ دہلی میں انعقاد عمل میں آیا۔ مرکزی حج کمیٹی کے عہدیداروں نے تمام ٹرینرس کو حج 2024ء کے تمام امور کی تفصیلات سے واقف کروایا اور خصوصاً بدلے ہوئے حالات میں نئی تبدیلیوں کی وضاحت کی اور ٹرینرس اور ریاستی حج کمیٹی کے رول کوعازمین حج کی تربیت کیلئے اہم قرار دیاتاکہ ان کی بہتر طریقہ پر خدمات انجام دی جاسکے۔ وسیم احمدخان نے میٹنگ کومخاطب کرتے ہوئے نمائندگی کی کہ اکثر اوقات تحریری طورپر آگاہ کرنے کے باوجود مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیاجاتا جو عازمین حج کیلئے پریشانی کاباعث ہوتاہے۔ کسی ضلع کے عازمین کو ایک ہی فلائٹ کے مطالبہ کو انہوں نے دہراتے ہوئے کہاکہ اس سے عازمین کو بے حد سہولت ہوسکتی ہے مگر اس پر بھی توجہ نہیں دی جاتی ہے اسی طرح رہائش کے مسئلہ کو بھی حل کرنے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی گئی۔

 

ایک ہی مقام کے عازمین کو اگر ایک ہی بلڈنگ میں رہائش کا انتظام کیاجاتاہے تو یہ سب نفسیاتی طورپر ایک دوسرے کے قریب ہونے کی وجہ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوسکتے ہیں۔ مرکزی حج کمیٹی کے ذمہ داران نے ان تمام باتوں پر مثبت انداز میں غور کرنے کا تیقن دیا۔ وسیم احمدخان نے شخصی طورپر سی ای اوحج کمیٹی سے ملاقات کرتے ہوئے حج کے انتظامات کو بہتر بنانے کی گذارش کی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *