[]
ریاض ۔ کے این واصف
ماہ رمضان خانہ کعبہ میں خصوصی رحمتیں اور برکتیں لوٹنے کے لئے دنیا کے کونے کونے سے لوگ مکہ مکرمہ آتے ہیں اور مہمانان رب العزت کے لئے انتظامیہ خصوصی اہتمام و انصرام کرتا ہے۔ حرمین شریفین انتظامیہ میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے گزشتہ روز رمضان آپریشنل پروگرام کے افتتاح کیا ہے۔
سال 2024 میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ تعداد میں زائرین کی آمد متوقع ہے۔ایس پی اے کے مطابق شیخ عبدالرحمن السدیس نے اس موقع پر کہا کہ رمضان آپریشنل پروگرام کا محور زائرین کی خدمت، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کے تجربات کو بہتر بنانا اور سعودی قیادت کی امنگوں کے مطابق حرمین شریفین میں عبادت کے لیے مناسب روحانی ماحول کی فراہمی ہے۔شیخ السدیس نے مکہ مکرمہ میں پریزیڈنسی کے صدر دفتر میں رمضان آپریشنل پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا حرمین شریفین کے دینی پیغام کو دنیا تک پہنچانا، دیگر حکومتی اداروں اور شراکت داروں کے ساتھ تعاون، تمام سرکاری اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور عالمی سطح پر اعتدال پسند مکالمے کو فروغ دینا، فکری انحراف کا مقابلہ کرنا پرگرام کے بنیادی اصول ہیں۔
انہوں نے کہاان مقاصد کے حصول کے لیے انتظامیہ اپنے تمام اختیارات کو بروئے کار لائے گی۔ حرمین شریفین انتظامیہ اسلام کی روداری اور اعتدال پر مبنی صحیح تصویر پیش کرے گی۔علاوہ ازیں شیخ السدیس نے ہر قسم کی انتہا پسندی اور غلو کو مسترد کرتے ہوئے اعتدال پسندی پرمبنی شرعی قوانین اور رواداری کی تعلیمات کو پھیلانے کی اہمیت پر بھی زوردیا۔آپریشنل پروگرام میں رمضان کے فضائل کو اجاگر کرنا شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ڈیجیٹل تجربے کو بہتر بنانا، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل میڈیا اور سمارٹ ایپلیکیشنز پر مشتمل ڈیجیٹل سہولتوں کے نظام میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور رمضان کی مناسبت سے مخصوص دینی پروگرام کا اہتمام اور انہیں دنیا تک پہنچانا شامل ہے۔ مملکت کی حرمین شریفین کے لیے عظیم دینی اور علمی خدمات کو اجاگر کیا جائے گا۔