[]
حیدرآباد _ 4 مارچ ( اردولیکس) تلنگانہ کے وناپرتھی ضلع میں پیر کی صبح ایک کار درخت سے ٹکرانے سے مسلم خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ حادثہ حیدرآباد-بنگلور قومی شاہراہ پر کوتہ کوٹہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں 6 دیگر زخمی ہوئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت یاسر (7 ماہ)، بشریٰ (2 سال)، ماریہ (5 سال)، عبدالرحمان (62) اور سلیمہ بی (85) کے نام سے ہوئی ہے۔زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں کی شناخت سمیرا (5)، حسین (10)، شفیع، قدیر النساء، حبیب، علی اور شاہجہان بیگ کے نام سے ہوئی ہے۔
زخمیوں میں سے 6 کو آندھرا پردیش کے کرنول کے ایک ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا۔ ایک شخص کو وناپرتھی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
متاثرین کا تعلق کرناٹک کے بیلاری ضلع سے ہے یہ خاندان حیدرآباد میں ایک شادی میں شرکت کے بعد بیلاری واپس آرہا تھا۔پولیس کے مطابق حادثہ رات دیر گئے ڈھائی بجے سے تین بجے کے درمیان پیش آیا، کار میں بارہ افراد سوار تھے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ڈرائیور کو نیند آگئی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔
تصادم میں کار بری طرح سے تباہ ہو گئی۔ نعشوں کو نکالنے اور زخمیوں کو نکالنے میں ایک گھنٹے سے زائد جدوجہد کرنی پڑی۔