[]
ممبئی: دنیا کے عظیم بلے بازوں میں سے ایک سنیل گواسکر کئی سال قبل کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں لیکن وہ آج بھی اپنے کرکٹ کھیل اور کھلاڑیوں کے بارے میں بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ اب انہوں نے ویراٹ کوہلی کے بارے میں بھی تبصرہ کیا ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز میں ایک بھی میچ نہیں کھیلا ہے۔
انہوں نے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے وقفہ لیاہے تاہم بہت سے لوگ قومی فریضہ ادا نہ کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس دوران سنیل گواسکر بھی کوہلی پر تنقید کرنے میں پیچھے نہیں رہے۔ سنیل گواسکر نے ویراٹ کوہلی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی ٹیم کو جیتنے کیلئے مشہور کھلاڑیوں کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ ہندوستانی ٹیم کو جیتنے کیلئے مشہور اور بڑے نام والے کھلاڑیوں کی ضرورت نہیں ہے، اگر کوئی کھلاڑی یہ سمجھتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم اس کے بغیر نہیں جیت پائے گی، تو ٹیم نے پچھلی 2 سیریز میں اس یقین کو غلط ثابت کیا ہے۔
کرکٹ ٹیم کا کھیل ہے اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ وہاں ہیں یا نہیں۔ گواسکر نے کوہلی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میرے خیال میں ٹیم انڈیا کو اب ان کی ضرورت نہیں رہی کیونکہ آج ٹیم میں کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شامل ہوچکے ہیں جو ٹیم کو جیت دلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہاکہ یشسوی جیسوال‘ دھروو جوریل‘ سرفراز خان کے علاوہ اور بھی کئی ایسے نوجوان کھلاڑی ہیں جو ٹیم کو اپنی صلاحیتوں سے جیت دلاسکتے ہیں۔ کوہلی کو کرکٹ کے میدان سے دور ہوئے تقریباً ڈیڑھ ماہ گزر چکا ہے۔
انہوں نے اپنا آخری میچ 17 جنوری 2024 کو افغانستان کے خلاف کھیلاتھا۔ اس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 212 رنز بنائے جبکہ افغانستان بھی 20 اوورز میں اتنے ہی رنز بنانے میں کامیاب رہا۔
یہ میچ اس لیے بھی یادگار رہا کہ کوہلی پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔ یہ میچ اتنا دلچسپ تھاکہ اس میں ایک نہیں بلکہ دو سوپر اوور ہوئے اور آخر میں ہندوستانی ٹیم فاتح ثابت ہوئی۔