جَن وشواس ریلی: ’اِدھر چلا میں اُدھر چلا، جانے کہاں میں کدھر چلا، پھسل گیا…‘، تیجسوی نے گانا گا کر نتیش کمار پر کیا طنز

[]

پی ایم مودی کے دورۂ بہار پر تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’کان کھول کر سن لیجیے پی ایم مودی جی، میرے والد نے ریلوے وزیر رہتے جتنا کام ریلوے کے فائدے کے لیے کیا، اتنا آج تک کوئی وزیر ریل نہیں کر پایا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو کی فائل تصویر</p></div>

تیجسوی یادو کی فائل تصویر

user

بہار کی راجدھانی پٹنہ واقع گاندھی میدان میں آج مہاگٹھ بندھن کی ’جَن وشواس ریلی‘ منعقد ہوئی جس میں لاکھوں کی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس ریلی میں آر جے ڈی چیف لالو پرساد یادو، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، سی پی آئی چیف ڈی راجہ، سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری، سیتارام یچوری اور سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو جیسی ہستیاں موجود ہیں۔ اس دوران بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر زوردار انداز میں طنز کے تیر چلائے۔ انھوں نے لاکھوں لوگوں کی بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک گانا سنے ہیں آپ لوگ۔ رتک روشن کی فلم کا گانا ہے۔ اِدھر چلا میں اُدھر چلا، جانے کہاں میں کدھر چلا، ارے پھسل گیا…۔‘‘ یہ گانا گنگنانے کے بعد تیجسوی نے کہا ’’ارے چاچا جی، آپ بزرگ ہیں آپ کو یہیں سے ہاتھ جوڑ کر پرنام۔ لیکن ایک بات طے ہے۔ جنتا دل یو 2024 میں ختم ہو جائے گی۔ آپ اِدھر چلیے، اُدھر چلیے، آپ کا کچھ بچے گا ہی نہیں تو آپ پھسل جاؤ گے، کہیں کے نہیں رہو گے۔‘‘

تیجسوی یادو نے ’جَن وشواس ریلی‘ سے خطاب کے دوران بہار میں آئے ملازمتوں کے سیلاب کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ یہ مہاگٹھ بندھن حکومت کا نتیجہ ہے، نتیش کمار تو پہلے بھی وزیر اعلیٰ رہے لیکن ملازمتیں نہیں دی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’مہاگٹھ بندھن حکومت میں ہم ملازمت دیتے رہے اور نتیش چاچا پلٹ گئے۔ اب وہ جہاں ہیں وہاں خوش رہیں۔ 10 لاکھ ملازمت دینے کا وعدہ ہم نے کیا تھا۔ اس وعدہ کو پورا کیا گیا اور ملازمتوں کا ایک سیلاب نظر آیا، لیکن پٹنہ میں پوسٹر نتیش کمار لگوا رہے ہیں کہ ’روزگار مطلب نتیش کمار‘۔ سچ یہ ہے کہ آزادی کے بعد جتنا روزگار 17 ماہ میں مہاگٹھ بندھن حکومت نے دیا اتنا کبھی کسی حکومت نے نہیں دیا۔‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورۂ بہار پر تبصرہ کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ ’’کان کھول کر سن لیجیے پی ایم مودی جی، میرے والد نے ریلوے وزیر رہتے جتنا کام ریلوے کے فائدے کے لیے کیا، اتنا آج تک کوئی وزیر ریل نہیں کر پایا۔‘‘

’جَن وشواس ریلی‘ میں جمع لوگوں کی بھیڑ دیکھ کر تیجسوی بہت خوش نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ جہاں تک میری نظر جا رہی ہے، لوگ ہی لوگ نظر آ رہے ہیں۔ جتنے لوگ گاندھی میدان میں ہیں، اتنے ہی باہر ہیں۔ 10 دن تک ہم نے پورے بہار کا دورہ کیا، آپ لوگوں کو جَن وشواس ریلی کے لیے مدعو کیا، اب لاکھوں لوگ یہاں جمع ہو گئے ہیں۔ بھیڑ کا سبھی ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ تیجسوی یادو مزید کہتے ہیں کہ ’’آپ لوگ ساتھ دیجیے، آپ کے لیے ہم مر مٹنے کو تیار ہیں۔ میری صرف مائی (مسلم-یادو) کی پارٹی نہیں بلکہ باپ (بی-بہوجن، اے، اگڑا، اے- آدھی آبادی یعنی خواتین، پی- پور یعنی غریب) کی بھی پارٹی ہے۔‘‘

بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’لالو جی نے بی جے پی کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے، نہ ہم ٹیکیں گے۔ بی جے پی میں جو جاتا ہے دودھ کا دھلا ہو جاتا ہے۔ بہار میں بی جے پی نے جو دو نائب وزرائے اعلیٰ بنائے ہیں، ان میں ایک اناپ شناپ بولتا ہے تو دوسرا بڑبولا ہے۔ نتیش جی پلٹی مارتے رہتے ہیں، لیکن نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ 5 بار پارٹی بدل چکے ہیں۔ بی جے پی کے لوگ جھوٹے ہیں۔‘‘ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’مودی جی آپ 10 سال میں کتنا کام کیے؟ یہ بتائیے۔ کل مودی جی کہہ رہے تھے مودی کی گارنٹی ہے۔ مودی جی کیا آپ نتیش کی گارنٹی لے سکتے ہیں کہ وہ پھر نہیں پلٹیں گے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *