[]
مہر نیوز کے نامہ نگار کے مطابق، شورائے نگہبان کے مقام چئیرمین سیامک رہ پیک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے فضل اور عوام کی کوششوں سے پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے انتخابات خوش اسلوبی سے جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق انتخابات میں عوام کی پرجوش شرکت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
رہ پیک نے واضح کیا کہ ہم انتخابات کے منتظمین، مبصرین اور میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں تاہم ہمارے بنیادی شکریے کے مستحق ملک کے عوام ہیں۔ ہمیں ان لوگوں کی قدر کرنی چاہیے جو ملک کے قومی مفادات، سلامتی اور آزادی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے مختلف اوقات میں یہ ثابت کیا ہے کہ وہ صحیح معنوں میں دینی جمہوری نظام کی نظریاتی بنیادوں کا دفاع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ واقعات اور گیارہ فروری (اسلامی انقلاب کی سالگرہ) کے موقع پر ہم نے دیکھا کہ ایران کے عوام ملک کی آزادی اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت میدان میں حاضر رہے ہیں۔
شورائے نگہبان کے قائم مقام چئیرمین نے مزید کہا کہ رہبر معظم انقلاب کی رہنمائی میں انتخابات کا مرحلہ ایرانی قوم کی طاقت کے اظہار کا ایک اور مرحلہ ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ پولنگ کے اختتام اور ووٹوں کی گنتی کے بعد، ایرانی عوام سربلند ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جیسا کہ رہبر معظم انقلاب نے فرمایا، انتخابات قومی طاقت میں اضافے کے ساتھ ملک کے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ ملک میں ایک مضبوط پارلیمنٹ کی تشکیل کا مشاہدہ کریں گے۔