میر واعظ عمر فاروق کو نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی

[]

سری نگر: حکام نے جمعہ کے روز حریت کانفرنس کے صدرنشین میرواعظ عمرفاروق کو سری نگر کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کرنے کی اجازت نہیں دی۔ جبکہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے ان کی گھر پر نظربندی کیس کی سماعت 6 مارچ کو مقرر کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکام اور جامع مسجد کی دیکھ بھال کرنے والی تنظیم انجمن اوقاف جامع مسجد نے گزشتہ چند دن کے دوران کئی مراحل کی بات چیت کی تاکہ 50 سالہ میرواعظ کو واعظ کرنے اور نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت کی راہ ہموار کی جاسکے۔

بہرحال ذرائع نے بتایا کہ بات چیت ابھی تک ثمرآور ثابت نہیں ہوئی ہے۔ حکام نے جمعرات کے روز اطلاع دی تھی کہ میرواعظ کو نماز جمعہ ادا کرنے اور واعظ کرنے کیلئے جامع مسجد آنے کی اجازت دی جائے گی۔ لیکن جمعہ کی صبح وہ اپنے وعدہ سے مکر گئے اور انہیں ایک بار پھر نظربند کردیا۔

ترجمان اوقاف نے اس اقدام کو ناانصافی پر مبنی بتایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرواعظ کو جامع مسجد میں مذہبی فرائض کی انجام دہی سے روکتے ہوئے ناانصافی کی گئی ہے۔ جامع مسجد مسلمانوں کے لئے اہم اور روحانی اہمیت کی حامل ہے۔

اس پابندی سے نہ صرف ان کے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں بلکہ کمیونٹی ارکان کے حقوق بھی متاثر ہوتے ہیں جو اُن کی تعلیمات سے مستفید ہوتے ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *