[]
حیدرآباد: اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے رشوت قبول کرنے کے ایک کیس میں آج ایک خاتون عہدیدارکو گرفتار کرلیاہے۔دفتر اے سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق دفتر ڈائرکٹر بہبود خواتین واطفال میں برسرخدمت عہدیداراینی شیٹی سری دیوی کو گرفتار کرلیاگیاہے۔
سری دیوی نے قبل ازیں 2015 سے 2016 کے درمیان جئے نور ضلع عادل آباد میں چائلڈڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر کے طورپر کام کیاتھا۔اس دوران ان پر فرائض سے پہلوتہی کرنے اور سرکاری فنڈس میں تصرف وتغلب کا الزام تھا۔ علاوہ وہ مبینہ طورپر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث تھیں۔
انہوں نے فرضی بلز کے ذریعہ رقومات حاصل کیں اس طرح ان کے اس اقدام سے حکومت کولاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرناپڑا۔ تحقیقات کے حصہ کے طورپر اے سی بی نے جمعرات کے روز خاتون عہدیدار کوگرفتار کرلیااورانہیں کریم نگر کی اے سی بی عدالت میں پیش کیاگیا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سرکاری ملازم‘ عہدیدارکی جانب سے رشوت طلب کرنے پر اس کی اطلاع اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پردیں۔