[]
مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ حرکت النجباء عراق کے سکریٹری جنرل نے حضرت امام مہدی علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر قابض امریکیوں اور صہیونیوں کے خلاف حکمت عملی کی طرف اشارہ کیا ہے۔
شیخ اکرم الکعبی نے کہا ہے کہ عراق کی اسلامی مزاحمت اس بات پر زور دیتی ہے کہ اس کے فیصلے اسلامی، عراقی اور جہادی ہیں اور ہم ان فیصلوں کی پوری ذمہ داری لیتے ہیں اور اس کے لیے خود کو تیار کر لیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مزاحمتی تنظیموں کے درمیان ہماہنگی پر یقین رکھتے ہیں اس کے تحت امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ عراقی مقاومت ملک کے اندر اور مقبوضہ فلسطین میں قابض قوتوں کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ کاروائی کرے گی۔
الکعبی نے واضح کیاکہ ہم عراقی حکومت کی جانب سے ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے منصوبے کے خلاف نہیں ہیں لیکن ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ قابض امریکہ جھوٹا، دھوکہ باز اور تسلط پسند ہے۔ جو بھی یہ تصور کرتا ہے کہ امریکی قابضین مذاکرات کے ذریعے ہتھیار ڈال دیں گے اور عراق سے دستبردار ہو جائیں گے، وہ خوش فہمی میں ہے، کیونکہ امریکہ صرف طاقت اور ہتھیاروں کی منطق کو سمجھتا ہے۔
تحریک النجباء کے جنرل سکریٹری نے تاکید کی کہ حالیہ ایام میں حملوں میں آنے والا وقفہ اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے اور افواج کو دوبارہ منظم کرنے کے لیے صرف ایک عارضی حربہ ہے ۔ مزاحمتی گروہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جب ایک محاذ پر حملے رک جاتے ہیں توغاصبوں اور صیہونیوں کے خلاف دوسرا محاذ متحرک ہو جاتا ہے۔