پہلے تربیتی کیمپ کا افتتاح۔ عازمین کو عبادتوں، ذکرواذکار میں مشغول رہنے مفتی خلیل احمد کی تلقین

[]

حیدرآباد: حکومت کے مشیر برائے ایس سی، ایس ٹی، بی سی واقلیتی بہبود محمد علی شبیر نے آج ہائی ٹیک فنکشن ہال واحد نگر کالونی قدیم ملک پیٹ میں عازمین حج کے پہلے تربیتی کیمپ کا افتتاح کیا۔

اس افتتاحی تقریب میں شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد، رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ، صدر نشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود، سید عمر جلیل ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی شیخ لیاقت حسین، ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی عرفان شریف کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عازمین حج کے انتظامات کیلئے 3 کروڑ روپے مختص کئے۔

پہلے یہ بجٹ 2کروڑ روپے تھا۔ حکومت اس رقم کے ذریعہ عازمین کو معیاری غذائی اشیاء اور دیگر سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ وقت اللہ کی عبادت میں گزاریں۔ مجلس کے رکن اسمبلی احمد بلعلہ نے کہا کہ وہ حج کی قبولیت، عازمین کے سفر میں آسانیوں کیلئے دعا گورہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عازمین کو ریاست، ملک اور عالم اسلام کیلئے دعا کرنا چاہئے۔ صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو صاحب استطاعت ہونے کے باوجود انہیں (عازمین) حج کی توفیق نہیں ملتی۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں حج کرنے کا موقع دیا ہے۔

انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ حج کے دوران زیادہ وقت عبادتوں میں گزاریں۔ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مفتی خلیل احمد نے کہا کہ عازمین کو اپنا زیادہ تر وقت نماز پڑھنے اور عبادتیں کرنے میں صرف کرناچاہئے حج صرف ایک عبادت ہے، صرف اللہ کیلئے ہوناچاہئے۔ انہوں نے فضائل حج کے بارے میں بیان کیا۔

سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے کہا کہ پاسپورٹ کی مدت جو6ماہ سے کم ہو تو عازمین کو حج کے لئے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کسی عازم حج کے پاسپورٹ کے کارآمد کی مدت 6ماہ سے کم ہو تو وہ فوری حج کمیٹی سے ربط قائم کریں۔

انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سفر حج پر روانہ ہونے سے 24گھنٹے قبل حج ہاوس پہنچ جائیں۔ انہوں نے حج کے دوران کھانے پینے میں احتیاط برتنے کا بھی عازمین کو مشورہ دیا۔ ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی، شیخ لیاقت حسین نے کہا کہ ا س سال حیدرآباد کے ایمبارکشن پوائنٹ سے 11,018 عازمین روانہ ہوں گے۔

تلنگانہ سے جملہ 7811 عازمین روانہ ہوں گے جبکہ مابقی عازمین کا تعلق اے پی، مہاراشٹرا اور کرناٹک سے رہے گا۔ مفتی تجمل حسین امام وخطیب مسجد حسینی وجئے نگر کالونی نے مناسک حج وعمرہ پر تفصیلی روشنی ڈالی، حافظ عبدالرشید طلحہ نعمانی نے آداب زیارت مدینہ منورہ پر اظہار خیال کیا۔ حافظ وقاری محمد حمید الدین کی قرات سے آغاز ہوا۔ مولانا محمد انصار انور حسامی شاکر نے نعت پڑھی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *