آئی پی ایل سیزن17،انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد ہی مکمل شیڈول جاری ہوگا

[]

ممبئی: آئی پی ایل کے 17 ویں سیزن کا 22 مارچ سے آغاز ہوگا۔ آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے بتایا کہ عام انتخابات کے باوجود پورا ٹورنامنٹ ہندوستان میں ہی کھیلا جائے گا۔ انتخابات اپریل اور مئی میں ہونے کی توقع ہے اور یہی بنیادی وجہ ہے کہ آئی پی ایل کے 17ویں ایڈیشن کا شیڈول ابھی تک جاری نہیں کیاگیا ہے۔

 دھومل نے کہاکہ ابتدائی طور پرصرف پہلے 15 دنوں کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ باقی میچوں کی فہرست کا فیصلہ عام انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان اگلے ماہ کے اوائل میں کیا جائے گا۔

دھومل نے کہا کہ ہم 22 مارچ سے ٹورنامنٹ شروع کرنے کی امید کررہے ہیں۔ ہم سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں اور پہلے ابتدائی شیڈول جاری کریں گے۔ پورا ٹورنامنٹ صرف ہندوستان میں منعقد ہوگا۔ واضح رہے کہ صرف 2009 میں آئی پی ایل مکمل طورپر بیرون ملک (جنوبی افریقہ) کھیلی گئی تھی جبکہ 2014 میں عام انتخابات کی وجہ سے کچھ میچ یو اے ای میں کھیلے گئے تھے۔

 تاہم 2019 میں عام انتخابات کے باوجود یہ ٹورنامنٹ ہندوستان میں منعقد ہوا تھا۔ یہ دیکھتے ہوئے کہ ٹی 20 ورلڈکپ آئی پی ایل کے ختم ہونے کے چند دن بعد ہی شروع ہوگا، فائنل 26 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔ ہندوستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا جبکہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جون کو امریکہ اور کینیڈا کے میچ سے ہوگا۔

آئی پی ایل کا پہلا میچ گزشتہ سال کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جاتاہے۔ ایسے میں اس سال پہلا میچ 2023 آئی پی ایل کی فاتح ٹیم چینائی سوپر کنگز اور رنر اپ گجرات ٹائٹنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 2024 کے سیزن کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی گزشتہ سال دسمبر میں ہوئی تھی۔

اس منی نیلامی میں 300 سے زائد کھلاڑیوں کی قسمت داؤ پر لگی ہوئی تھی۔ تاہم ان میں سے صرف 72 کھلاڑیوں پر بولیاں لگائی گئیں۔ نیلامی میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے۔ انہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24.75 کروڑ روپے میں خریدا۔

وہیں آسٹریلیا کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان پیاٹ کمنس کو سن رائزرس حیدرآباد نے 20.50 کروڑ میں خریدا۔ اس نیلامی میں 6 کھلاڑیوں پر 10 کروڑ یا اس سے زیادہ کی بولیاں لگائی گئیں۔

 کل 39 کھلاڑی کروڑ پتی بن گئے یعنی ان پر ایک کروڑ یا اس سے زیادہ کی بولی لگائی گئی۔ نیلامی میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے ہرشل پٹیل سب سے مہنگے فروخت ہوا۔ انہیں پنجاب کنگز نے 11.75 کروڑ روپے میں خریدا۔

 سمیر رضوی اس نیلامی کے سب سے مہنگے ان کیپڈ کھلاڑی تھے۔ انہیں چینائی سوپر کنگز نے 8.40 کروڑ روپے میں خریدا۔ نیلامی سے پہلے تمام ٹیموں کے پاس خرچ کرنے کیلئے کل 262.95 کروڑ روپے تھے۔ 10 ٹیموں نے کل 230.45 کروڑ روپے خرچ کئے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *