[]
مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالمالک بدر الدین الحوثی نے کہا ہے کہ امریکہ خطے کے ایسے آزاد لیڈروں سے خوف زدہ ہے جو اس کے سامنے نہیں جھکتے اور قومی آزادی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن جیو اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل یمن میں ایک غیرت مند قوم کی حکمرانی سے سخت پریشان ہے جو مسئلہ فلسطین کو ملت اسلامیہ کا اہم مسئلہ سمجھتے ہوئے اس کے حل کے لئے عملی جد وجہد پر توجہ دیتی ہے۔
انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اس سے پہلے امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل نے موجودہ واقعات اور فلسطین کے لیے ہماری قوم کی حمایت کو مدنظر رکھتے ہوئے سمندری عسکریت پسندی کی کوشش کی۔ کیونکہ سمندر ہمارے دشمن کے لیے بہت اہم ہیں اس لئے انہوں نے بحری کنٹرول کے لئے کافی تگ و دو کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جارح نیتن یاہو نے اس سے قبل آبنائے باب المندب اور یمن پر ایسی قیادت کے خطرے کے بارے میں بات کی تھی جو فلسطینی قوم کو آزاد کرانے کا نقطہ نظر رکھتی ہو۔
اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ کا بنیادی ایجنڈا مسئلہ فلسطین کا مکمل خاتمہ ہے جس کے لئے وہ وحشیانہ جارحیت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔