[]
حیدرآباد: بی آرایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ آٹوڈرائیورس کے مسائل حل کرنے پر توجہ دے۔ آرٹی سی بسوں میں خواتین کو سفرکی مفت سہولت فراہم کرنے سے آٹو ڈرائیورس مسائل کا شکار ہوچکے ہیں۔ اب تک 18آٹوڈرائیورس نے خودکشی کرلی ہے۔
پی کوشک ریڈی نے میڈیا پوائنٹ پراخباری نمائندوں کو بتایاکہ آٹوڈرائیورس سے اظہاریگانگت اور انہیں مالی سہولت فراہم کرنے کے مطالبہ پر وہ آٹو کے ذریعہ اسمبلی پہنچے تاہم پولیس نے ان کے آٹو کو احاطہ اسمبلی میں جانے نہیں دیا جس پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے پوچھا کہ کیا حکومت صرف کار کے ذریعہ احاطہ اسمبلی میں داخلہ کی اجازت دے گی؟۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے سوچے بغیر آرٹی سی بسوں میں خواتین کومفت سفر کی اجازت دے دی ہے جس کے نتیجہ میں ان دنوں خواتین‘ آٹو میں سفرکرنے کے بجائے بسوں میں سفرکررہی ہیں جس کے نتیجہ میں آٹوڈرائیورس کی آمدنی کم ہوگئی ہے۔
انہیں روزانہ آٹو کا کرایہ بھی نہیں مل رہا ہے۔ جس کے باعث ان کے گھروں میں ان کے افراد خاندان فاقہ کشی پرمجبور ہوگئے ہیں۔ ایسی پریشانیوں کو دیکھ کر اب تک 18 ڈرائیورس نے خودکشی کرلی ہے۔ آٹو کو احاطہ اسمبلی میں جانے کی اجازت نہ دینے پرانہوں نے اسپیکر اسمبلی پرساد کمار سے ملاقات کی اور ان سے پولیس کے رویہ کی شکایت کی۔