جیل میں ڈال دیاجاؤں تب بھی ترقیاتی کام رکنے والے نہیں: کجریوال

[]

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال نے اتوار کے دن کہا کہ عوام کیلئے ان کی حکومت کے جاریہ ترقیاتی کام نہیں رکیں گے چاہے انہیں جیل ہی کیوں نہ بھیج دیاجائے۔ کیراڑی میں دو اسکولوں کی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منیش سسوڈیا کو جیل میں ڈال دیاگیا کیونکہ اس نے اسکول تعمیرکرائے تھے۔

ستیندرجین کو جیل بھیج دیاگیا کیونکہ اس نے محلہ کلینکس قائم کئے تھے۔ کجریوال نے الزام عائد کیاکہ ای ڈی اور سی بی آئی جیسی مرکزی ایجنسیوں کو عام آدمی پارٹی قائدین کے پیچھے لگادیاگیا ہے۔ انہوں نے زور دے کرکہا کہ آپ چاہے کجریوال کو جیل میں ڈال دیں‘ اسکول کی عمارتوں اورمحلہ کلینکس کے جاریہ کام رکیں گے نہیں۔

بی جے پی چاہتی ہے کہ ہم‘ اس میں شامل ہوجائیں لیکن ہم جھکنے والے نہیں۔ کجریوال کے یہ ریمارکس ایسے وقت سامنے آئے جب دہلی پولیس ان کے اس الزام کی تحقیقات کررہی ہے کہ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی ارکان اسمبلی کا شکار کرنے کی کوشش کی۔

کجریوال کو آبکاری پالیسی سے جڑے منی لانڈرنگ اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سمن ملتے جارہے ہیں۔ مرکز کے عبوری بجٹ پر ردعمل میں کجریوال نے کہا کہ کل بجٹ کا صرف4 فیصد اسکولوں اور دواخانوں کیلئے مختص کیاگیا جبکہ حکومت دہلی تعلیم اور صحت پر 40 فیصد خرچ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے حال میں بجٹ پیش کیا۔ اس بجٹ میں صحت اور تعلیم پر صرف 4 فیصد خرچ کرنے کی بات کہی گئی ہے جبکہ ہماری حکومت گذشتہ 8 سال سے صحت اور تعلیم پر جملہ بجٹ کا لگ بھگ 40 فیصد خرچ کررہی ہے۔

مرکز نے سی بی آئی اور ای ڈی جیسی ساری ایجنسیوں کو عام آدمی پارٹی قائدین کے پیچھے لگادیاہے تاکہ انہیں عوام کی فلاح وبہبود کے کاموں سے روکاجاسکے۔ کجریوال نے گرج کرکہا کہ مجھے جیل بھیج دیاجائے تب بھی اسکول کی عمارتوں اور عوام کو مفت علاج کا سلسلہ رکنے والا نہیں۔

بی جے پی چاہتی ہے کہ ہم اس کا حصہ بن جائیں لیکن ایسا ہونے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی جنتا کی دعائیں انہیں آگے بڑھاتے رہیں گی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *