[]
پونے: پونے پولیس نے ‘رام لیلا’ پر مبنی ڈرامے میں سیتا کو سگریٹ پیتے دکھانے پر ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی کے کم از کم 6 طلبا کو گرفتار کرلیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ رام لیلا کے اس ڈرامہ میں مبینہ طور پر بھگوان رام، سیتا اور راون کے کرداروں کی قابل اعتراض تصویر کشی کی گئی تھی۔
اس ڈرامے پر جمعہ کو اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) کے ارکان اور پونے یونیورسٹی کے للت کلا کیندر کے طلباء کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
للت کلا کیندر کے ذریعہ اسٹیج کئے گئے ’رام لیلا‘ کے عنوان سے اس ڈرامے میں رام لیلا میں مختلف کردار ادا کرنے والے اداکاروں کے پس پردہ مناظر کو دکھایا گیا تھا۔
اے بی وی پی کے پونے یونیورسٹی یونٹ کے سربراہ شیوا بارولے کے مطابق اس ڈرامے میں سیتا کو سگریٹ نوشی کرتے ہوئے اور لکشمن کے تئیں بدسلوکی کا استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا جس پر اے بی وی پی نے اعتراض کیا۔
اے بی وی پی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس طرح کے اقدامات پر اعتراضات کئے اور ‘رام لیلا’ کے عنوان سے پرفارمنس کو روک دیا کیونکہ یہ ہندو جذبات کے خلاف ہے۔ اس کے بعد للت کلا کیندر کے طلبہ ہمارے مدمقابل آگئے۔
اے بی وی پی نے کہا کہ پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے اور مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ دریں اثنا، چترشرنگی تھانے کے انچارج نے بتایا کہ ڈرامے کو لے کر دونوں گروپس کے درمیان زبانی جھگڑا ہوا۔
چترشرنگی پولیس نے بتایا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ یونیورسٹی کیمپس میں دو گروپوں کے درمیان زبانی جھگڑا ہوا تھا، ہم نے متعلقہ گروپوں کو تحقیقات کے لیے بلایا ہے۔