[]
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو بغیر کھیلے ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے جبکہ حیدرآباد کی جیت کے ہیرو انگلینڈ کے او لی پوپ 20 مقام کی زبردست چھلانگ لگا کر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں پوپ کو حیدرآباد ٹیسٹ میں 196 رنز کی اننگ کھیلنے کا فائدہ ملا اوروہ 20 درجے کی چھلانگ لگا کر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
نیوزی لینڈ کے لیجنڈری بلے باز کین ولیمسن ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں۔ وراٹ کوہلی پہلے ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے۔ اس کے باوجود انہیں ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ بابر اعظم ان سے ایک درجے اوپر پانچویں نمبر پر ہیں۔
تازہ ترین رینکنگ کے مطابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ گابا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی ابتدائی اننگ میں نصف سنچری بنانے کے بعد دو درجے ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے بلے باز بین ڈکٹ بھی ہندوستان کے خلاف حیدرآباد ٹیسٹ میں 35 اور 47 رنز کی اننگز کے بعد پانچ درجے ترقی کرکے 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
حیدرآباد میں انگلینڈ کی جیت اور آسٹریلیا و ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز برابری پر ختم ہونے کے بعد ٹاپ 10 بلے بازوں کی رینکنگ میں معمولی تبدیلی آئی ہے۔
اشون اب بھی ٹیسٹ کے نمبر 1 بولر ہیں۔ ہندوستان کے تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن ایشون نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں چھ وکٹیں لینے کے بعد گیند بازوں کی ٹیسٹ درجہ بندی میں اپنی پوزیشن کو برقرار رکھا ہے اور جسپریت بمراہ کو ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے۔ وہ حیدرآباد میں چھ وکٹ لے کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں کگیسو ربادا دوسرے اور پیٹ کمنز تیسرے نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں رویندرا جڈیجہ بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ آر اشون دوسرے نمبر پر ہیں۔ جو روٹ نے ہندوستان کے خلاف حیدرآباد ٹیسٹ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں اوروہ آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی کرکے چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔