[]
نئی دہلی: کانگریس نے پیر کے دن چیف منسٹر نتیش کمار پر آیا کمار‘ گیا کمار کا طنز کیا۔ نتیش کمار اتوار کے دن یہ کہتے ہوئے چیف منسٹر بہار کے عہدہ سے مستعفی ہوگئے تھے کہ مہاگٹھ بندھن اور اپوزیشن انڈیا بلاک میں ان کے لئے معاملات ٹھیک نہیں چل رہے تھے۔
انہوں نے بی جے پی کے ساتھ مل کر نئی حکومت بنالی۔ ایکس پر ہندی میں پوسٹ میں کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے کہا ”گرگٹ کو بھی کرنی پڑی نئے رنگ کی کھوج‘ یہ شور ویر بدلتے ہیں کتنے رنگ روز“۔
مغربی بنگال کے اتر دیناج پور میں بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران میڈیا سے بات چیت میں جئے رام رمیش نے کہا کہ میں کیا کہہ سکتا ہوں؟ کل میں نے کہا تھا آیا کمار‘ گیا کمار۔ نتیش کمار رنگ بدلنے والے گرگٹ کو کڑی ٹکر دے رہے ہیں۔
1990 کے دہے میں سیاسی وفاداریاں‘ پارٹیاں بدلنے والوں کے لئے آیا رام‘ گیا رام کی اصطلاح عام طورپر استعمال ہوتی تھی۔ جئے رام رمیش نے اسی اصطلاح میں تھوڑی تبدیلی کی اور آیا کمار‘ گیا کمار کا طنز کیا۔