[]
نئی دہلی: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے آج کہا کہ ہند۔فرانس دوستی کا آرام اور ہماری شراکت داری کی طاقت آگے کی راہ کو روشن کرے گی۔
مرمو نے یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر فرانس ایمانویل کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں ایک بینکویٹ کا اہتمام کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے قائدین کا ایک دوسرے کے قومی دن کی پریڈ اور جشن میں مہمانان خصوصی ہونا ایک تاریخی لمحہ ہے اور ہماری دوستی کی گہرائی اور ہماری شراکت داری کی طاقت کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ میکرون دہلی کے کرتویہ پتھ پر جمعہ کے روز 75 ویں جشن یوم جمہوریہ میں مہمانان خصوصی تھے۔ یو این آئی کے بموجبصدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے یوم جمہوریہ کے موقع پر کرتویہ پتھ پر شاندار پریڈ کے بعد شام کو راشٹرپتی بھون میں ’ایٹ ہوم‘تقریب کا اہتمام کیا جس میں کئی معززین اور افراد کے ساتھ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون بھی شامل ہوئے۔
نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکر، ان کی اہلیہ سدیش دھنکر، وزیر اعظم نریندر مودی، ان کے کابینہ کے کئی ساتھی، چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور تینوں افواج کے سربراہان اور کئی معززین نے جمعہ کی شام راشٹرپتی بھون میں منعقدہ شاندار ایٹ ہوم تقریب میں شرکت کی۔
کئی ممالک کے سفارت کاروں، دفاعی اتاشیوں کے ساتھ پریڈ کا حصہ بننے والے سابق فوجیوں، ایوارڈ یافتہ افراد اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔