[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران سے تعلق رکھنے والے 24 ہزار شہداء کی یاد میں ہونے والی کانفرنس کے منتظمین نے آج صبح رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران رہبر معظم نے اپنے خطاب میں غزہ کے بارے میں بعض اسلامی ممالک کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات حساس مواقع پر اسلامی ممالک کے حکام غلطی کرتے ہیں۔ غزہ میں جنگ بندی کی بات کرتے ہیں جوکہ ان کے بس کی بات نہیں بلکہ صہیونی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے۔ اسلامی ممالک کو ان مسائل پر بات کرنا چاہئے جو ان کے اختیار میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کے اختیارات میں یہ ہے کہ صہیونی حکومت کی شہہ رگ پر چھری رکھیں۔ مسلمان ممالک کو اسرائیل کی مدد کے بجائے اس کے ساتھ سیاسی اور اقتصادی تعلقات منقطع کرنا چاہئے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں کے نامناسب اقدامات اور تمام تر مشکلات کے باوجود اللہ کی مدد مومنین کے ساتھ ہے اور جہاں خدا کی مدد ہو کامیابی یقینی ہے۔
رہبر معظم نے مزید کہا کہ موجودہ جنگ میں غزہ کی کامیابی یقینی ہے۔ اللہ مستقبل قریب میں مومنین کو کامیابی عطا کرے گا اور فلسطین کے لوگوں سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں خوشی سے سرشار ہوں گے۔