[]
حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کو ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ وصول نہیں ہوا ہے۔ بی آر ایس لیڈر و ایم ایل سی کے کویتا نے اتوار کو یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو22 جنوری کو منعقد شدنی مندر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے باضابطہ سرکاری دعوت نامہ نہیں ملا ہے اس لئے وہ اس تقریب میں شرکت سے قاصر ہیں۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ”لارڈ رام چندر مخصوص مواقع اور افراد کیلئے نہیں ہیں بلکہ سب کیلئے ہیں“۔ ہم، ایودھیا کا دورہ ضرور کریں گے۔ بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دختر کے کویتا نے گزشتہ ماہ یہ کہا تھا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر سے ہندؤں کا قدیم خواب سچ ثابت ہورہا ہے۔
انہوں نے مندر کے افتتاح کی تیاریوں کے تذکرہ کا حوالہ دیتے ہوئے ایکس پر تلگو میں ایک پوسٹ تحریر کیا جس میں اپنے ایک تبصرہ میں انہوں نے کہا کہ ”اس اچھے وقت کے دوران جب ایودھیا میں سری سیتا راما چندر سوامی کی مورتیاں ایستادہ کی جاتی ہیں، جو کروڑ ہا ہندوعوام کا خواب سچ ہوگا“ کا تلنگانہ کے عوام خیرمقدم کرتے ہیں۔
بی ار ایس ایم ایل سی کے اس تبصرہ کو اس مسئلہ پر پارٹی کے موقف میں بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ ان کا یہ تبصرہ، اسمبلی انتحابات میں کانگریس کے ہاتھوں بی آر ایس کی شکست کے چند دنوں بعد سامنے آیا تھا۔ دریں اثنا، کے کویتا نے اسپیکر اسمبلی گڈم پرساد کمار سے ملاقات کی اور ان سے اسمبلی احاطہ میں مہاتما جیوتی راؤ پھولے کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔