[]
گاندھی نگر : گجرات کے وڈودرا میں ہرنی جھیل میں ایک کشتی الٹنے کا ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں 14 بچوں اور 2 اساتذہ کی موت ہو گئی۔ کشتی میں سوار باقی 10 بچے اور 2 اساتذہ کو بچا لیا گیا ہے۔ انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والے تمام بچوں کا تعلق وڈودرا کے نیو سن رائز اسکول سے ہے۔ وہ سیلفی لینے کشتی کے ایک طرف آگئے تھے جس کی وجہ توازن بگڑگیا اور کشتی الٹ گئی۔ ان بچوں یا اساتذہ میں سے کسی نے بھی لائف جیکٹ نہیں پہنی ہوئی تھی۔ اس وجہ سے جب کشتی الٹ گئی تو سب پانی میں ڈوبنے لگے۔
وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل اور وزیر داخلہ ہرش سنگھوی موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے وڈودرا سٹی کلکٹر سے پورے واقعہ کی جانکاری لی۔
ہرنی جھیل حادثے کے بعد راحت اور علاج کا کام جاری ہے۔ ریاستی حکومت نے ہر مرنے والوں کے لواحقین کو 4 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے وڈودرا کی ہرنی جھیل میں کشتی الٹنے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ہےاور انھوں نے وزیر اعظم قومی راحتی فنڈ سے ہر مرنے والے کے رشتہ داروں کو 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کا معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔