[]
ریاض ۔ نمائندہ اردو لیکس
ہندوستان کے میدان سیاست میں دن بدن مسلمانوں کی نمائندگی گھٹتی جارہی ہے یہ بات جاوید علی خاں رکن پارلیمنٹ (راجیہ سبھا)سماج وادی پارٹی نے کہی۔ وہ ریاض کے کراؤن پلازا ہوٹل میں جامعہ کے 103 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے مخاطب تھے۔ جس کا اہتمام جامعہ مليہ اسلاميہ الومنائی ایسوسی ایشن ریاض کی جانب سے جمعہ کی شب کیا گیا تھا- اس تقریب میں جاوید علی خان مہمان خصوصی اور جامعہ کے پروفیسر عابد حلیم مہمان اعزازی کے طور پر شریک تھے- جاوید علی خان نے مزید کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملت میں سیاسی قائدین ہوں جو مسلمانوں کے مسائل کو ایوان میں اٹھا سکیں اور قانون سازی میں اہم رول ادا کرسکیں۔ انھون نے یہ بھی کہا کہ قائدین کا سیاست میں کامیابی کے لیے زمینی سطح پر کام کرنا شرط اول ہے۔
مہمان اعزازی پروفیسر عابد حلیم نے اس پر ہجوم و پر وقار محفل کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی واحد ذریعہ ہے جس سے مسلمان ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں- وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی میں رہائشی کوچنگ اکیڈمی کے ڈائرکٹر ہیں جس کا قیام اکتوبر 2010 میں ہوا- اس کوچنگ سنٹر مین IAS اور IPS وغیرہ جیسے مختلف اعلی عہدوں کے لئے طلباء تیار کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گروپ ون سروسیس کلیر کرنا بہت مشکل کام نہیں۔ والدین کو چاہئے کہ اپنے بچون کو ان مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لئے اسکول کی سطح سے راغب کرین۔ انھون نے کہا کہ جو لوگ سعودی عرب میں مقیم ہیں الحمد للہ وہ کافی اچھی پوزیشن اور اچھے مناصب پر فائز ہیں- انھین چاہئیے کہ وہ ہندوستان میں اپنی کمیونٹی کو آگے لانے میں تعاون کریں۔
تقریب کا آغاز قاری عبدالرحمن عمری کی قراءت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد طلبہ اور طالبات نے ترانہ جامعہ پیش کیا- صدر ایسوسی ایشن انجینئر سید غفران احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش گیا اور گل دستوں سے مہمانان کرام کا استقبال کیا گیا- تنظیم کے جنرل سکریٹری انجینیئر طارق امام نے ویب سائٹ کا اجرا انجام دیا۔ پروفیسر سید سرور حسین نے اپنا پرمغز مقالہ “روشنی کا سفر” پیش کیا۔ نیز اس موقع پر ان کی کتاب “دیوتا کا تیر” کا رسم اجرا بھی عمل میں آیا- اس پروگرام کے معاونین اور کچھ جامعہ کے ہونہار افراد کو یادگاری مومنٹوز بھی پیش کیے گیے جن میں کرکٹ ٹیم کے کپتان معین خان ، تعلیم کے میدان میں مصطفیٰ عابدی ، سماجی خدمات کے میدان میں عبدالرحمن عمری اور شاکر جعفری شامل رہے- اس موقع پر مہمان خصوصی کو صدر تنظیم انجینئر سید غفران احمد اور جنرل سکریٹری انجینئر طارق امام نیز مہمان اعزازی کو نائب صدر نیمو خان ، جوائنٹ سکریٹری انجینئر متین عالم اور خازن محمد ہارون قاسمی نے یادگاری تحفے پیش کیے-
ڈاکٹر انعام اللہ فلاحی آعظمی اور عبدالرحمن عمری نے پراثر انداز مین نظامت کے فرائض انجام دیے۔ محفل میں جامعہ الومنائی کی ایک کثیر تعداد ، علیگ برادری اور مختلف تنظیموں کے عہدیداران وغیرہ منے شرکت کی۔ اسوسی ایشن کے نائب صدر نیمو خان کے ہدیہ تشکر پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔