[]
دُبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دبئی پولیس نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیل میں ایک قیدی کی بیٹی کی شادی کی تقریب کا انتظام کراکے سب کے دل جیت لئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک عرب لڑکی نے دبئی پولیس سے درخواست کی تھی کہ اس کا رشتہ طے ہوگیا ہے۔ والد جیل میں ہیں۔ جیل میں والد کی موجودگی میں نکاح کے لیے ایک چھوٹی سی تقریب منعقد کرنے کی اجازت دی جائے۔
دبئی پولیس کے معاون کمانڈر جنرل میجر جنرل خلیل المنصوری نے جیل میں نکاح کی تقریب منعقد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
دبئی محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر مروان جلفار کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ لڑکی کی درخواست ملنے پر محکمے نے اس کے والد کے مالی اور ذہنی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست کو منظور کرلیا۔
محکمہ پولیس نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف جیل میں نکاح کروایا بلکہ دلہن کا گھر فرنشڈ کرنے میں بھی تعاون کیا تاکہ وہ ہنسی خوشی زندگی گزار سکے اور اس پر والد کے جیل میں ہونے کا کوئی منفی اثر نہ ہو۔