[]
ممبئی: ممبئی ٹرانس ہاربر لنک (ایم ٹی ایچ ایل) کی افتتاحی تقریب میں ایک لاکھ کے مجمع میں تقریباً 1300 افراد کو گھنٹوں دھوپ میں بیٹھنے کی وجہ سے پانی کی کمی اور سر درد کی شکایت ہوئی۔
رائے گڑھ ضلع کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ نوی ممبئی میں 12 جنوری کو وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے طویل ترین بحری پل ایم ٹی ایچ ایل کا افتتاح کیا تھا اور جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔
رائے گڑھ ضلع کے سیول سرجن ڈاکٹر نتن دیومانے نے پیر کے دن بتایا کہ نوی ممبئی ایونٹ میں 1300 کے آس پاس افراد کے بیمار پڑنے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے جلسوں میں کچھ لوگ بیمار پڑتے ہی ہیں۔ کھلے میدان میں مجمع میں 1-2 فیصد لوگوں کو پانی کی کمی‘ سردرد‘ قئے جیسی تکلیف ہمارے شعبہ ئ طب میں نارمل سمجھی جاتی ہے۔
نوی ممبئی ایونٹ کے بعد تقریباً 1300 لوگ بیمار ہوئے۔ 2 افراد ایک دن کے لئے دواخانہ میں شریک ہوئے اور دوسرے دن ڈسچارج ہوئے۔ ڈاکٹر دیومانے نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اور ایس ڈی آر ایف نے پوری احتیاط برتی تھی۔ زائد بستروں کا انتظام کیا گیا تھا۔
تقریباً 70 ایمبولنس گاڑیاں تیار رکھی گئی تھیں اور سارے میڈیکل آفیسرس کو ڈیوٹی پر رکھا گیا تھا۔مہاراشٹرا ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ جن لوگوں نے ڈی ہائیڈریشن کی شکایت کی انہیں او آر ایس واٹر‘ گلوکوز اور ہلکی غذا دی گئی۔
اس نے کہا کہ ایسے جلسوں میں لوگ عجلت میں آجاتے ہیں اور بعض اوقات لوگ واٹر باٹل ساتھ نہیں لاتے۔ ایسی صورت میں جسم میں پانی کی کمی اور کچھ دیر سر درد کی شکایت ہونے کا زیادہ امکان رہتا ہے۔