[]
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی آج یعنی 14 جنوری سے ‘بھارت جوڑو نیائے یاترا’ شروع کرنے جا رہے ہیں۔ یہ یاترا منی پور کے تھوبل ضلع سے شروع ہو کر ممبئی پہنچے گی۔ اس دوران راہل گاندھی 6000 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر طے کریں گے اور یہ یاترا دو ماہ تک جاری رہے گی۔ راہل گاندھی 60 سے 70 مسافروں کے ساتھ پیدل اور بس سے سفر کریں گے۔
بھارت جوڑو نیائے یاترا 67 دنوں تک چلے گی۔ اس عرصے کے دوران کل 6713 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے یہ یاترا 20 مارچ کو ممبئی میں ختم ہوگی۔ اس مدت کے دوران یہ 15 ریاستوں کے 110 اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی مقامی لوگوں سے ملاقات کریں اور مختلف مقامات پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔ ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوران لوگوں کو بتائیں گے کہ عوام تک انصاف پہنچانے کے لیے کانگریس کے ذہن میں کیا ہے۔
کانگریس کے مطابق یہ ایک سیاسی پارٹی کی نظریاتی یاترا ہے، اسے انتخابی یاترا نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ پچھلی یاترا (بھارت جوڑو یاترا) میں راہل گاندھی کا پیغام نفرت سے لڑنے کے لیے محبت کا استعمال کرنا تھا، لیکن اس یاترا (بھارت جوڑو نیائے یاترا) کا پیغام ناانصافی کے خلاف لڑنا ہے۔