کانگریس حکومت کی جانب سے درگاہ اجمیر شریف کو غلاف مبارک روانہ

[]

حیدرآباد: مذہبی ہم آہنگی کا مظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے جمعہ کے روز حضرت خواجہ غریب نواز معین الدین چشتی ؒ کی درگاہ اجمیر شریف کو غلاف مبارک روانہ کیا ہے۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق وزیر محمد علی شبیر، صدر ضلع کانگریس حیدرآباد سمیر ولی اللہ، کانگریس کے ارکان اسمبلی، پارٹی کے اقلیتی قائدین ظفر جاوید، محمد جاوید، اور دیگر کے ساتھ غلاف مبارک کو اجمیر کی درگاہ روانہ کیا۔

یہ غلاف، عنقریب منعقد شدنی عرس کے موقع پر مزار پر چڑھایا جائے گا۔ سیکولرازم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف منسٹر نے اس بات کی توثیق کی کہ کانگریس کی موجودہ حکومت کی قیادت میں تلنگانہ، بدستور سیکولر ریاست رہے گی۔

ریاست میں تمام برادریوں کی ترقی کیلئے یکساں مواقع فراہم کرنے، امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کا عہد کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے چادر پیش کرنے والے قائدین سے اپیل کی کہ وہ ملک ہندوستان بالخصوص ریاست تلنگانہ میں برقراری امن اور خوشحالی کیلئے دعا کریں۔

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر وکانگریس کے سینئر قائد محمد علی شبیر نے کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ؒ کے812 ویں سالانہ عرس کے موقع پر یہ غلاف مبارک اجمیر روانہ کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عرس کو امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی بھائی چارہ کے طور پر اجاگر کیا اور کہا کہ کانگریس کی سیکولرازم سے دیرینہ وابستگی، تمام مذاہب اور فرقوں کی ہم آہنگی و بقائے باہم کے ساتھ کھڑی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *