[]
حیدرآباد: محمدی لائن اور گولکنڈہ کے مختلف نشیبی علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کا مؤثر انتظام نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے مکینوں کو بہت سی تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایسی ہی کالونیوں میں ایک کالونی احمد کالونی‘ محمدی لائنس روڈ‘ گولکنڈہ کی ہے جہاں ہر برس معمول سے کچھ زیادہ بارش ہوجائے تو گھنٹوں پانی کی نکاسی نہیں ہوتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مجبوراً گھروں میں محروس ہوکر رہ جانا پڑرہا ہے۔
یہی نہیں مساجد کو جانے والی سڑکیں بھی زیر آب آجاتی ہیں اور نالیوں کا گندہ پانی جمے رہنے کی وجہ سے لوگ نمازوں کی ادائی کیلئے مسجد نہیں جا پارہے ہیں چونکہ سڑک عبور کرکے مسجد تک پہنچنے تک لباس کے ناپاک ہو جانے کاخدشہ رہتاہے۔ احمد کالونی میں واقع مسجد طلحہٰ کے اطراف و اکناف کی سڑکوں کا اوربھی برا حال ہے۔
گھنٹوں پانی کے جما رہنے کی وجہ سے موسم بارش میں اس مسجد میں مصلیوں کی تعداد انتہائی گھٹ گئی ہے۔ اس پر ستم ظریفی یہ ہے کہ موسم بارش سے عین قبل سڑکوں کی کھدائی کرکے رکھ دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس علاقہ میں سڑک رابطہ انتہائی خراب ہوگیا ہے۔
بارش نہ ہو تب بھی یہاں کی سڑکوں کو عبور کرنا انتہائی دشوار ہوگیا ہے۔
مقامی عوام نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپور یشن کے ارباب اور عوامی نمائندوں سے خواہش کی کہ وہ اس علاقہ میں برساتی پانی کی مؤثر نکاسی کا مستقل حل ڈھونڈھ نکالیں تاکہ یہاں کے مکینوں کو راحت مل سکے اوراس بات کو یقینی بنائے کہ موسم برسات سے قبل سڑکوں کی کھدوائی اور دیگر ترقیاتی کاموں کو مکمل کرلیا جائے تاکہ موسم بارش میں عوام کو آسانیاں ہوں۔