لیموں کرے جواں!

[]

نورین خان

لیموں دنیا بھر میں پایا جانے والا مقبول ترین پھل ہے ویسے تو یہ پھل سال بھر کاشت کیا جاتا ہے لیکن موسم گرما میں لیموں کا استعمال بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے ۔

لیموں ترش اور رسیلے پھلوں کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے ، اس کا لاطینی نام سائٹرس میڈیکا او رمزاج سرد و تر ہے ۔صحت کے علاوہ جلد کی بیرونی حسن و آرائش کے لیے لیموں کا جوس بیوٹی پراڈکٹ کا درجہ رکھتا ہے ۔ نہ صرف لیموںبلکہ اس کے چھلکے، گودے حتیٰ کہ بیجوں میں بھی بے شمار طبعی فوائدمضمر ہوتے ہیں۔ لیموں وٹامن سی، میگنیشیم ، فولاد ، تانبہ، فاسفورس ، پوٹا شیم اور زنک حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔جو انسانی صحت کے لیے بے حد ضروری ہوتا ہے اس کے علاوہ اس پھل میں کیلشیم ، فولاد ،، وٹامن بی1، بی2، بی 3اور بی 5، شوگر ، چکنائی اور غذائی ریشے بھی شامل ہوتے ہیں ۔ لیموں کا اہم کام جسم سے مضر عناصر کا خاتمہ کرکے انہیں باہر نکالنا ہے ۔ نظام ہاضمہ کی صفائی کے لیے لیموں نہایت موثر کردار ادا کرتا ہے ۔ انسانی جسم کو نقصان پہنچانے والے جراثیم اور بیکٹریا کے خلاف مزاحمت کرتا ہے ۔ رومن اور یونانی لوگ اس ہمہ گیر خصوصیات رکھنے والے پھل سے بھرپور مستفید ہوتے ہیں ۔ تمام قسم کے زہروں کے علاج ، غذا کو محفوظ بنانے ، حشرات الارض کو بھگانے ، پینے کے پانی کو صاف کرنے ، چھوت کی بیماریوں کی روک تھام، اونی کپڑوں کی حفاظت اور کھانا پکانے میں لیموں کا استعمال کیا جاتا ہے ۔

صحت و قوت حاصل کرنے کے لیے لیموں وٹامن سی کا خزانہ ہے ، جسم میں وٹامن سی کم ہوجانے سے سکروی، اینیما، ہڈی کے جوڑوں کا درد ، خون کا سیلان ، دانتوں کے امراض ، پائیوریا ، کھانسی اور دمہ وغیرہ جیسے امراض کے لیے لیموں کا باقاعدہ استعمال ان بیماریوں میں فائدہ دیتا ہے ۔

جلدی بیماریاں

لیمو ں جلد کو صا ف کرتا ہے ، جلد کے تمام امراض پھوڑا، پھنسی ، داد ، خارش وغیرہ پر لیموں اور تلی کے جوس کو ملا کر لگائیں ۔ اس کے علاوہ صبح دو لیموں پانی میں نچوڑ کر پینے سے جلدی امراض دور ہوجاتے ہیں ۔

دست

نیم گرم پانی میں ایک چمچ لیموں کا رس اور چٹکی بھر نمک ملا کر پینے سے آرام آجاتا ہے ۔ اس کے علاوہ دودھ میں لیموں نچوڑ کر پینے سے بھی فائدہ ہوتا ہے ۔

کان کاد رد

ایک ٹکڑا سوندھا نمک لے کر اسے ایک چمچ لیموں کے جوس میں حل کرلیں ، اس محلول کے دو قطرے متاثرہ کان میں ٹپکا دیں ۔ اس قدرتی نسخے کے استعمال سے دکھتے ہوئے کان کو فوری آرام آجائے گا۔

الرجی کے لیے

لیموں کے پتوں کو نمک اور ہلدی پاؤڈر کے ساتھ پیس کر اس پیسٹ کو جسم پر لگائیں اور ایک گھنٹے کے بعد غسل کرلیں ۔

گھٹنے کا درد

گھٹنے کے درد سے نجات حاصل کرنے کے لیے دو چمچ لیموں کا رس اور ایک چمچ لہسن کا جوس ان دونوں کو اچھی طرح مکس کرکے دن میں دو مرتبہ استعمال کریں ۔

نکسیر

نکسیر پھوٹنے کی صورت میں لیموں کے جوس کا ایک یادو قطرے متاثرہ نتھنے میں ٹپکا دیں ناک سے خون آنا بند ہوجائے گا۔

تھکاوٹ اور سستی

لیموں کے چھلکے اور نمک کو پانی میں ابال لیں ، اب اس گرم پانی کو نہانے کے لیے استعمال کریں ، اس سے تمام جسم کا درد، سستی اور تھکن دور ہوجائے گی اور آپ خود کو بہت ہلکا اور تازہ دم محسوس کریں گے۔

بے ذائقہ زبان

اگر آپ کو اپنی زبان بے ذائقہ محسوس ہو تو لیموں کا ایک ٹکڑا لے کر اسے زبان پر رگڑیں اس سے آپ کو بہتر محسوس ہوگا۔

سر کی گرمی دور کرنے کے لیے

کیسٹر آئل اور لیموں کے رس کو مساوی مقدار میں ملا کر اسے سر کی کھال پر لگائیں اور ایک گھنٹے کے بعد سر دھولیں سر کی اضافی گرمی دور ہوجائے گی۔

اوون کی ناگوار بو

اوون سے کھانوں کی بدبو خاص طور پر مچھلی کی ناگوار بو کو دور کرنے کے لیے لیموں کو کاٹ کر 150ڈگری درجہ حرات پر 15-10منٹ کے لیے اوون میں رکھ دیں اور اوون کے دروازے کو تھوڑا سا کھول کر رکھیں ، اس گھریلو نسخے کے استعمال سے اوون کو ہر قسم کی بدبو سے پاک کردے گا۔

بھوک نہ لگنا

بھوک نہ لگنے کی صورت میں ایک لیموں آدھا گلاس پانی میں نچوڑ کر چینی ملاکر روزانہ پیئیں ، اس قدرتی نسخے سے نہ صرف بھوک میں اضافہ ہوگا بلکہ کھٹے ڈکار اور بد ہضمی کی شکایت بھی دور ہوجائے گی۔

پیٹ کا درد

بارہ گرام لیموں کا رس ،چھ گرام ادرک کا رس اور چھ گرام شہد ملا کر پینے سے پیٹ کا درد غائب ہوجاتا ہے ۔ اس کے علاوہ لیموں کی پھانک پر سیاہ نمک ، سیاہ مرچ، اور زیرہ بھرکر گرم کرکے چوسنے سے بھی پیٹ کا درد ٹھیک ہوجاتا ہے ۔

قے

جی متلانے کی صورت میں فوراً لیموں کا استعمال کرنا چاہیے ، اس سے قے نہیں آئے گی ۔ اس کے علاوہ لیموں میں چینی اور سیاہ مرچ بھر کر چوسنے سے بھی قے نہیں آتی۔

پیٹ کے کیڑے

پیٹ کے کیڑوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے لیموں کے بیجوں کو پیس کر چورن کی شکل میں پانی کے ساتھ استعمال کریں ، اس سے پیٹ کے کیڑے ختم ہوجائیں گے۔

تیزابیت دور کرنے کے لیے

لیموں کے جوس کو گرم پانی میں ڈال کر شام کو پینے سے تیزابیت دور ہوجاتی ہے ، لیموں میں پایا جانے والا پوٹاشیم تیزابی زہر کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

سانس لینے میں دقت

اگر آکسیجن کی کمی یا سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہو جیسے کہ پہاڑ پر چڑھتے وقت تو اس صورت میں لیموں کا استعمال کار آمد ثابت ہوتا ہے ۔ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچنے والے پہلے شخص Edmunel hillaryکا کہنا تھا کہ ان کی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کا میابی میں لیموں کا دخل تھا۔

سردرد

سردرد میں لیموں کو چائے میں نچوڑ کر پینے سے فائدہ ہوتا ہے ۔

اس کے علاوہ لیموں کے پتوں کو پیس کر اس کا رس نکال کر چوسیں جو لوگ دائمی سردرد میں مبتلا ہوں ان کے لیے یہ نسخہ بہترین ہے ۔ لیموں کے پتوں کو خشک کرکے روزانہ صبح سونگھنے اور چائے پینے سے کرشماتی فائدے حاصل ہوتے ہیں ۔

ملیریا

ملیریا میں نمک، سیاہ مرچ لیموں میں بھر کر چوسنے سے بخار کی گرمی دور ہوجاتی ہے۔

سانس پھولنا

لیموں کے رس کو شہد میں ملا کر چاٹنے سے بچوں کا سانس پھولنا بند ہوجاتا ہے ۔
جلد کی قدرتی خوبصورتی اور دیکھ بھال کے لیے بھی لیموں کو وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے ۔

جلد کو ایکسفولی ایٹ کرنے کے لیے

جلد کی مردہ کھال اتارنے اور اسے نرم و ملائم بنانے کے لیے لیموں کو دو حصوں میں کاٹ لیں ، اب لیموں کے ٹکڑے کو شکر والے پیالے میں ڈبو کر چہرے اور جسم پر رگڑیں چہرے اور جسم کو ایکسفولی ایٹ کرنے کے لیے یہ بہترین قدرتی نسخہ ہے ۔

جلد کو موائسچرائزر کرنے کے لیے

لیموں خشک جلد کے لیے شاندار موسچرائزر کا کام کرتا ہے ، ایک کھانے کے چمچ شہد ، لیموں کا رس اور روغن زیتون لیں اور اسے اچھی طرح سے مکس کرلیں اب اس مکسچر کو جلد کے خشک حصوں پر لگا کر دس پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں اورپھر ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ جلد کی قدرتی چمک اور نمی فوراً بحال ہوجائے گی۔

کیل مہاسوں کے لیے

لیموں اپنی اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات کی وجہ سے ایکنی کے لیے بہترین قدرتی تدارک ہے ۔ ایکنی یا دانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے صرف لیموں کے ٹکڑے چہرے پر ملیں یا پھر لیموں پر چند قطرے شہد ٹپکا کر اسے براہ راست ایکنی والے متاثرہ حصے پر لگائیں اور پانچ دس منٹ کے بعد ٹھنڈے پانے سے منہ دھولیں۔

بالوں کے لیے

لیموں کے رس کو سر کی کھال پر لگائیں ، اس سے بالوں کی خشکی دور ہوجائے۔ لیموں سپرکنڈیشنر کے طور پر بھی کام کرتاہے ۔ ایک چمچ زیتون کا تیل اور تین کھانے کے چمچ لیموں کا جوس ان تمام چیزوں کو ملا کر آدھے گھنٹے کے لیے سر پر لگائیں او رپھر سر دھولیں ۔

پھٹے ہوئے ہونٹ

لیموں کا استعمال پھٹے ہوئے ہونٹوں کو نرم ملائم بنانے میں مدد دیتاہے ۔ ایک چائے کا چمچ تازہ کریم میں ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس اور شہد ملا کر اس پیسٹ کو ہونٹوں پر ملیں ، بہترین نتائج کے لیے اس نسخے کو تقریباً ایک ہفتے تک استعمال کریں ۔

قدرتی بلیچ

دو کھانے کے چمچ لیموں کا جوس ٹماٹر کا جوس اور دودھ کو ایک برتن میں مکس کرکے ، چہرے اور جسم پر لگائیں ، یہ مکسچر جلد کو قدرتی طور پر بلیچ کردے گا۔

جھریوں کے لیے

چہرے پر موجود جھریوں اور باریک لائنوں سے چھٹکارا پانے کیل یے ایک کھانے کا چمچ شہد میں کچھ قطرے لیموں کاجوس اور چند قطرے روغن بادام ڈال کر اسے اچھی طرح سے مکس کرلیں اورپھر اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں پندرہ بیس منٹ کے بعد دھولیں ۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *