[]
نظام آباد میں پولیس کی جانب سے سی اے اے شاہین باغ کے احتجاج کے درج مقدمات سے دستبرداری کا مطالبہ
کمشنر پولیس سے کانگریس قائدین سید نجیب علی ایڈوکیٹ و جاوید اکرم کی ملاقات
نظام آباد:9/ جنوری ( اردو لیکس)پولیس کی جانب سے نظام آباد میں سی اے اے شاہین باغ کے احتجاج کے سلسلہ میں درج کردہ مقدمات سے دستبرداری اور اقلیتی علاقوں میں منظم جرائم کی انسداد کیلئے سخت اقدامات کرنے اور گنجان آبادی والے علاقہ بابن صاحب پہاڑی کے پاس پولیس سب کنٹرول کا قیام عمل میں لانے کا کمشنر پولیس نے تیقن دیا۔ نظام آباد کانگریس کے سرکردہ قائدین مسٹر سید نجیب علی ایڈوکیٹ، جاوید اکرم سابق صدر ضلع وقف کمیٹی نے آج کمشنر پولیس کملیشور سے ملاقات کرکے اقلیتی علاقوں کے مختلف امور و مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
شہر نظام آباد میں سی اے اے کے سلسلہ میں کئے گئے احتجاج شاہین باغ کے نام سے لگائے گئے کیمپ کے اختتام کے بعد پولیس کی جانب سے از خود نوٹ لیتے ہوئے مقدمات درج کئے جانے اور اس میں شہر کے سرکردہ مسلم قائدین پر کیس درج کرنے پر وفد نے بتایا کہ جمہوری انداز میں کئے جانے والے احتجاج پر پولیس نے اس وقت کی حکومت کے دباؤ میں آتے ہوئے یہ مقدمہ درج کیا تھا تاہم الیکشن کے دوران جناب محمد علی شبیر نے اس مسئلہ پر واضح تیقن دیتے ہوئے ان مقدمات سے فوری دستبرداری کیلئے اقدامات کا تیقن دیا تھا۔
کمشنر کوبتایا گیا کہ مقدمہ درج کرنے کے 3 تا 4 سال بعد شہرکے ان سرکردہ قائدین کو پولیس کی جانب سے 30 ایف آئی آر درج کرنے کی اطلاع دی گئی جس کے باعث شہر کے مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ کمشنر پولیس کملیشور سے خواہش کی گئی کہ وہ متعلقہ ٹاؤن I سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اس کیس سے دستبردار ہونے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں قانونی مشاورت کے ذریعہ کیس کے موجودہ موقف کے بارے میں تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔
کمشنر پولیس کو بتایا کہ شہر کے نواحی گنجان آبادی والے علاقہ میں جرائم کی روک تھام کیلئے بابن صاحب پہاڑی کے علاقہ میں ایک پولیس سب کنٹرول کی منظوری عمل میں لائی جائے۔ اس کے وقت کے پولیس کمشنر نے درگاہ بابن صاحب پہاڑی کے خوردوجوار میں سب کنٹرول قائم کرتے ہوئے اسٹراکچر بھی تیار کروایا تھا تاہم وہاں پر پولیس کی تعینات عمل میں نہیں لائی گئی۔ اس علاقہ میں فوری اثر کے ساتھ پولیس آؤٹ پوسٹ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بارے میں ابھی تک اس سلسلہ میں لا علم ہے
اس موقع پر موجود انسپکٹر ایس بی آئی کو ہدایت دی کہ وہ فوری معلومات فراہم کریں تاکہ سب کنٹرول روم کو عہدیداروں کے مجوزہ تبادلہ کے عمل کے تکمیل کے بعد قیام عمل میں لایا جاسکے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں پٹرولنگ بڑھادی جائے گی اور غیر قانونی سرگرمیوں غیر سماجی عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی اور منظم جرائم کے خاتمہ کیلئے پولیس سخت اقدامات کرے گی۔ اس موقع پر شہر میں کم عمر نوجوانوں میں نشہ آور اشیاء کے استعمال کے سلسلہ میں عوامی تشویش سے بھی کمشنر کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اس لعنت کے خاتمہ کیلئے ہر ممکنہ قدم اٹھائے گی اور نشہ کے عادی افراد کو باضابطہ کاری کے مراکز بھیجا جائے گااور نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ اور سپلائی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ سے منشیات سربراہ کرنے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کیا ہے اور بہت جلد عوام کو تفصیلات سے واقف کروایا جائیگاانہوں نے بالخصوص مذہبی اداروں این جی اوز، سماجی اور فلاحی خدمات انجام دینے والوں سے خواہش کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ سماج سے منشات کی اس لعنت کا خاتمہ کرکے نئی نسل کو محفوظ رکھا جاسکے
۔ اس موقع پر سید نجیب علی ایڈوکیٹ نے کمشنر یٹ کے احاطہ میں واقع پولیس کے تمام ہی دفاتر میں اُردو درخواستوں کو قبول کرنے اور اُردو میں قانونی حق سے متعلق تفصیلات پر مشتمل بورڈ آویزاں کرنے کی بھی خواہش کی جس پر کمشنر پولیس نے مثبت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے فوری ہدایت جاری کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر لاء اینڈ آرڈر کے امور سے متعلق مختلف امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا اس موقع پر ڈاکٹر اختر سابق نوڈا ڈائریکٹر و قائد کانگریس بھی موجود تھے۔