کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی میٹنگ، نشستوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال

[]

نئی دہلی: کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے پنجاب اور دہلی میں لوک سبھا الیکشن کے لئے نشستوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کے لئے میٹنگ کی۔

طئے پایا کہ انڈیا بلاک کی 2جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم کو قطعی شکل دینے پھر ایک میٹنگ کی جائے۔ کانگریس کے اعلیٰ قائدین اور سیٹ شیئرنگ کمیٹی کے ارکان مکل واسنک اور اشوک گہلوت نئی دہلی میں میٹنگ میں موجود تھے۔

عام آدمی پارٹی کی طرف سے رکن راجیہ سبھا سندیپ پاٹھک اور دہلی کے وزرا آتشی اور سوربھ بھاردواج نے شرکت کی۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے نشستوں کی تقسیم کے امکان پر تبادلہ خیال کیا لیکن کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ میٹنگ کے بعد مکل واسنک نے میڈیا سے کہا کہ ملاقات بڑی اچھی رہی۔

اروند کجریوال کی طرف سے بات چیت کے لئے آج کی میٹنگ میں سینئر عام آدمی پارٹی قائدین بھیجے گئے تھے۔ کانگریس صدر نے عام آدمی پارٹی قائدین سے بات چیت کے لئے جو کمیٹی بنائی تھی اس نے ان سے بات چیت کی اور قطعی فیصلہ بعدازاں ہوگا۔ مکل واسنک اس کمیٹی کے کنوینر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں نشستوں کی تقسیم اور دیگر موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ چند دن بعد ہم پھر مل بیٹھیں گے اور قطعی فیصلہ ہوگا۔ ہم مل جل کر الیکشن لڑیں گے۔ تیاری پُرزور ہوگی۔ بی جے پی کو شکست دی جائے گی۔

آج کیا طئے پایا یہ بتانا‘مناسب نہیں ہوگا‘ انتظار کرنا ہوگا۔ ہم متحدہ الیکشن لڑنے کا پہلے ہی فیصلہ کرچکے ہیں۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس‘ انڈیا اتحاد کا اہم حصہ ہیں۔ دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی اور سینئر پارٹی قائدین سلمان خورشید اور موہن پرکاش بھی میٹنگ میں موجود تھے۔

عام آدمی پارٹی دہلی اور پنجاب میں برسراقتدار ہے۔ ان 2 ریاستوں کے کانگریس یونٹس نہیں چاہتے کہ عام آدمی پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد کیا جائے۔ کانگریس‘ انڈیا بلاک میں شامل دیگر جماعتوں سے مختلف ریاستوں میں بات چیت شروع کرچکی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *