[]
حیدرآباد: ریاستی وزیر ریونیو پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ ریاست میں کانگریس کی جانب سے وعدہ کردہ 6 گارنٹیز (ضمانتوں) پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کی سب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیاہے۔
آج سکریٹریٹ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیادت میں محکمہ سیول سپلائز کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی سرینواس ریڈی نے کہاکہ حکومت کو ابھئے ہستم اسکیم کے لیے ریاست بھر سے 1.05 کروڑ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔
عہدیداروں نے پرجا پالانا پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔ ریاست کے طول و عرض میں ہر دیہات سے درخواستیں حاصل کی گئیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے کبھی بھی یہ نہیں کہاتھا کہ 6 گارنٹیز پر چالیس دنوں میں عمل کیا جائے گا۔
ہم نے عوام سے ان گارنٹیز پر عمل کرنے کاوعدہ کیا تھا اور ہم ان وعدوں پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ طور پر 30,000 ڈاٹاانٹری آپریٹرس ابھئے ہستم کے تحت حاصل درخواستوں کی آن لائن انٹری میں مصروف ہیں۔ ہم نے 6گارنٹیز پر عمل آوری کے لیے کابینہ سب کمیٹی تشکیل دینے کافیصلہ کیا ہے۔
کمیٹی کی صدارت ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرامارکہ کریں گے جبکہ پی سرینواس ریڈی اور ڈی سریدھر بابورکن ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی افراد تک یقینی طور پر گارنٹیز کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔ یو این آئی کے بموجب تلنگانہ میں عوامی حکمرانی پروگرام کے تحت عوام سے وصول درخواستوں کے آن لائن ڈاٹاانٹری کے کام میں عہدیداروں نے تیزی پیداکردی ہے۔
گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) حدود کی 24لاکھ درخواستوں کی ڈاٹاانٹری کاکام 3500ڈاٹاانٹری آپریٹرس کے ذریعہ کیاجارہا ہے۔ڈاٹاانٹری کے بعد استفادہ کنندگان کا انتخاب کیاجائے گا۔یہ پروگرام 28دسمبر سے شروع ہوا تھا جس کا اختتام 6جنوری کو ہوگیا۔جی ایچ ایم سی حدود میں 24لاکھ 74ہزار320درخواستیں وصول ہوئیں۔
اس ماہ کی 15تاریخ تک ڈاٹاانٹری کاکام کیاجائے گا۔تمام درخواستوں کو آن لائن کرتے ہوئے ان کی تفصیلات کو اپ لوڈ کیاجارہا ہے۔ان درخواستوں میں نئے راشن کارڈس،اندراماں مکانات کیلئے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔پانچ مختلف فلاحی اسکیموں مہالکشمی، رعیتو بھروسہ، اندرما انڈلو، گروہا جیوتی، اورچیوتا کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
مہالکشمی اسکیم کے تحت ہر ماہ خاتون کو 2,500/- روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ 500/- روپے میں گیس سلنڈر دیا جائے گا۔رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت ہر کسان کو سالانہ فی ایکر 15ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔اندرماں مکانات اسکیم کے تحت بے گھر خاندان مستفید ہوسکتے ہیں۔
انہیں مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے لئے شہید ہونے والوں اور تلنگانہ کی تحریک میں حصہ لینے والوں کو 250 مربع گز امکنہ اراضی بھی اس اسکیم کے تحت فراہم کی جائے گی۔گروہا جیوتی اسکیم کے تحت ہر خاندان کو 200یونٹ تک مفت برقی فراہم کی جائے گی۔چیوتا اسکیم کے تحت معمرین اور دیگر افراد کو 4 ہزار روپے اور معذورین کو 6ہزار روپے کا ہر ماہ وظیفہ دیا جائے گا۔