نتیش کمار کو انڈیا بلاک کا وزارت عظمیٰ امیدوار بنانے کا مطالبہ

[]

پٹنہ: ان اطلاعات کے درمیان کہ نتیش کمار کو انڈیا بلاک کا کنوینر بنایا جاسکتا ہے‘ جنتادل یو (جے ڈی یو) کے بعض قائدین یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ انہیں لوک سبھا الیکشن سے پہلے وزارت ِ عظمیٰ کے امیدوار کی حیثیت سے پیش کیا جائے۔ جنتادل یو کوٹہ کے تحت حکومت ِ بہار کے کابینی وزیر مدن ساہنی نے کہا کہ نتیش کمار جیسے لیڈر کے لئے کنوینر کا عہدہ کافی نہیں۔

 ساہنی نے کہا کہ نتیش کمار ملک کے سب سے زیادہ تجربہ کار چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے کئی ایسے کام کئے ہیں جن کی دیگر ریاستیں تقلید کررہی ہیں۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ انڈیا بلاک میں کنوینر کا عہدہ ان کے لئے کافی نہیں ہے۔ انہیں انڈیا بلاک کے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار کی حیثیت سے پیش کیا جانا چاہئے۔

 چیف منسٹر نتیش کمار پہلے ہی کنوینر کا کام انجام دے چکے ہیں۔ نتیش کمار نے ہی ملک کی اپوزیشن جماعتوں کو متحد کیا۔ پہلی میٹنگ پٹنہ میں منعقد ہوئی تھی۔ بعدازاں مزید 3 میٹنگیں بنگلورو‘ ممبئی اور نئی دہلی میں منعقد ہوئیں۔ اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنا نتیش کمار کی پہل ہے۔

 یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ نئی دہلی میں میٹنگ کے دوران چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے ملیکارجن کھرگے کو انڈیا بلاک کے وزیراعظم کے عہدہ کے امیدوار کی حیثیت سے پیش کیا تھا تاہم دیگر کئی قائدین نے کہا ہے کہ وزارت ِ عظمیٰ امیدوار کا فیصلہ لوک سبھا الیکشن کے بعد کیا جائے گا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *