[]
آرمور : 04 / جنوری ( محمد سیف علی کی رپورٹ) صدرنشین بلدیہ آرمور پنڈت ونیتا پون کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کامیاب ہوگئی ہے اور موجودہ صدرنشین بلدیہ کو کرسی سے اتار دیا گیا ہے وہ اپنا عہدہ کھو بیٹھیں کیونکہ موجودہ صدرنشین بلدیہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
تفصیلات کے مطابق آرمور بلدیہ کونسل ہال میں آج جمعرات کو 11 بجے آر ڈی او آرمور و اس اجلاس کے پریسیڈنگ آفیسر ونود کمار کی راست نگرانی میں عدم اعتماد تحریک کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس میں بی آر ایس کے 19 مجلس کے ایک اور بی جے پی کے 4 اراکین کے علاؤہ رکن اسمبلی آرمور پائیڈی راکیش ریڈی نے ایکس آفیشیو کے طور پر اجلاس میں شرکت کی۔ موجودہ صدرنشین بلدیہ پنڈت ونیتا پون اور انکے حامی کونسلرس اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ تحریک عدم اعتماد کیلئے درکار کافی کورم ہونے کے باعث عہدیداروں نے اعلان کیا کہ عدم اعتماد کا امتحان کامیاب ہوگیا۔
اس کے ساتھ ہی موجودہ چیئرپرسن پنڈت ونیتا پون اپنا عہدہ کھو بیٹھیں۔ آر ڈی او ونود کمار نے صحافیوں کو بتایا کہ بی آر ایس کے 19 کونسلر، ایک ایم آئی ایم کونسلر، چار بی جے پی کونسلر اور ایک ایم ایل اے نے بطور آفیشیو ووٹ دیا جبکہ کل 25 لوگوں نے تحریک عدم اعتماد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوگئی۔ ضلع کلکٹر کو رپورٹ پیش کرنے کے بعد اگلی کارروائی اور نئے چیرمین کے عہدہ کے انتخاب سے متعلق فیصلوں کو کلکٹر کے علم میں لایا جائے گا اور ان کے فیصلے کے مطابق نئے چیرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔
رکن اسمبلی آرمور پائیڈی راکیش ریڈی نے کہا کہ آرمور بلدیہ میں بدعنوانیوں کے خلاف بی جے پی کی جیت ہوئی ہے اور اب آرمور میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔