[]
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ 8 فروری کا الیکشن کوئی عام الیکشن نہیں ہے، آپ کو جذبے کے ساتھ ووٹ دینے آنا ہے۔ ووٹ ڈالتے وقت آپ کو دیکھنا ہے لیڈر کا ماضی کیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، دہشت گردی اور بیروزگاری کا خاتمہ کیا۔ 2013ء میں بجلی کی 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں کی دھڑکن نواز شریف ہے۔ اگر چوتھی مرتبہ پاکستان کے عوام نے وزیر اعظم بنایا تو وعدہ ہے دن رات ایک کر دیں گے، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان پھلے پھولے گا۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میرے لیڈر نواز شریف نے نوجوان طبقے اور بچیوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دیا، غریب کا مفت علاج کرایا اور اسپتالوں کو جدید بنایا۔ نواز شریف نے لاہور میں کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ بنایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میرے وزیراعظم بننے کے بعد مہنگائی ہوئی مگر اسکی ذمہ دار عمران خان کی غلط پالیسیاں تھیں۔ ہم نے اللہ کے فضل سے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ سیاست کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ریاست کی پرواہ کی۔