راجیش کھنہ: بالی ووڈ کا وہ ستارہ جسے ’کنگ آف رومانس‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے

[]

بالی ووڈ ، وہ جگہ جہاں ہر ایک نیا چہرہ ہیرو بننے کا خواب لے کر جاتا ہے اور ہزاروں چہروں میں سے کچھ ہی چہرے پردہ سیمیں پر بطور ہیرو نظر آتے ہیں۔ ہر ہیرو کی قسمت بھی ایک جیسی نہیں کہی جاسکتی ہے لیکن کچھ ہیرو بالی ووڈ میں ایسے بھی آئے جو نہ صرف لوگوں کی پہلی پسند بنے بلکہ مرتے دم تک انہوں نے لوگوں کے دلوں پر راج کیا۔ راجیش کھنہ بھی انہیں ہیرو میں سے ایک ہیں، راجیش کھنہ کو بالی وڈ کا پہلا سپرا سٹار کہا جاتا ہے۔یہ وہ خوش قسمت ہیرو ہے جس نے ستر کی دہائی میں جس فلم میں بھی کام کیا وہ باکس آفس پرسپر ہٹ ثابت ہوئی۔

جتن کھنہ عرف راجیش کھنہ29 دسمبر 1942 کوپنجاب کے امرتسر میں پیدا ہوئے تھے۔ بچپن سے ہی ان کا رجحان فلموں کی جانب تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے حالانکہ ان کے والد اس بات کے سخت خلاف تھے۔ راجیش کھنہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں تھیٹر سے منسلک ہوئے اور بعد میں یونائیٹڈ پروڈیوسر ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقد آل انڈیا ٹیلنٹ مقابلہ میں حصہ لیا اور وہ سرفہرست رہے۔

ان کے کرئیر کا آغاز 1966 میں چیتن آنند کی فلم ’آخری خط‘ سے ہوا لیکن 1969 میں ’آرادھنا‘ کی ریلیز کے بعد وہ راتوں رات اسٹار بن گئے۔ اس گولڈن جوبلی فلم میں انہوں نے باپ اور بیٹے کا ڈبل رول نبھایا تھا اور ان کا وہ سر کو ایک خاص انداز میں جھٹکنا، منفرد چال، غمگین آنکھیں اور مخصوص ادائیں شائقین کے دلوں میں اتر گئیں۔اس کے بعد انہوں نے لگاتار 15 ہٹ فلمیں دے کر کامیابی کا ایسا ریکارڈ قائم کیا جو اب تک نہیں ٹوٹ سکا ہے۔

ارادھنا کی کامیابی کے بعد اداکار راجیش کھنہ فلم ساز شکتی سامنت کے عزیز اداکار بن گئے۔انہوں نے راجیش کھنہ کو کئی فلموں میں کام کرنے کا موقع دیا۔ ان فلموں میں کٹی پتنگ،امرپریم، انوراگ، اجنبی،انورودھ اور آواز وغیرہ شامل ہیں۔
ستر کی دہائی میں راجیش کھنہ مقبولیت کی اونچائیوں پر جا پہنچے اور انہیں ہندی فلم انڈسٹری کے پہلے سپر اسٹار ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔یوں تو ان کی اداکاری کے سبھی قائل تھے لیکن خاص طور پر نوعمر لڑکیوں کے درمیان ان کا کریز کچھ زیادہ ہی دکھائی دیا۔ یہ لڑکیاں ان کی اس قدر دیوانی تھیں کہ انہیں اپنے خون سے محبت بھرےخط لکھا کرتی تھیں۔
تاہم ایسا بھی نہیں تھا کہ ان سے پہلے بڑےا سٹار نہیں ہوئے۔ دلیپ کمار، دیو آنند اور راج کپور، سب نے مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا لیکن فلمی تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ جس جنون کا شکار راجیش کھنہ کے چاہنے والے ہوئے، بالی ووڈ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔

سال 1985 میں ریلیز فلم ’الگ الگ‘ کے ذریعے راجیش کھنہ نے فلم سازی کے میدان میں بھی قدم رکھا تھا ۔ ان کے فلمی کیریئر میں ان کی جوڑی اداکارہ ممتاز اور شرمیلا ٹیگور کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ انہوں نے ممتاز کے ساتھ ’آپ کی قسم‘، ’دو راستے‘، ’دشمن، ’روٹی‘ اور ’سچا جھوٹا‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں دیں۔ فلم ’دو راستے‘، ’خاموشی‘، ’آنند‘ اور ’سفر‘ جیسی فلموں سے انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ کردار کی گہرائی میں بھی اترسکتے ہیں۔
راجیش کھنہ تین مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے گئے۔ فلموں میں کئی کردار ادا کرنے کے بعدراجیش کھنہ نے سیاست کا رخ کیا اور کانگریس کی جانب سے رکن پارلیمان بھی رہے۔انہوں نے اپنے چار دہائی طویل فلمی کیریئر میں تقریبًا 125 فلموں میں کام کیا۔
اپنی اداکاری سے ناظرین کو مسحور کرنے والے کنگ آف رومانس 18 جولائی 2012 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *