[]
جموں و کشمیر کے دو اضلاع پونچھ و راجوری میں ہفتہ کے روز موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئیں۔ سیکورٹی فورسز نے دونوں ضلعوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔ بفلیاج علاقے میں تین لوگوں کی پراسرار موت کے بعد پونچھ اور راجوری ضلعوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کی گئی ہیں۔ یہاں پر دہشت گردوں نے جمعرات کو فوج کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا۔
بفلیاج علاقے کے ڈیرا کی گلی میں جمعرات کو فوج کی جپسی اور ٹرک پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں پانچ جوان شہید ہو گئے تھے اور دو زخمی ہوئے تھے۔ مبینہ طور پر دہشت گرد شہید فوجیوں کے سروس اسلحے لے کر بھاگ گئے۔ سیکورٹی فورسز نے پونچھ اور راجوری ضلعوں کے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی جہاں مبینہ طور پر 30 دہشت گردوں کا ایک گروپ چھپا ہوا ہے۔ بفلیاج علاقہ کے ٹوپا پیر گاؤں کے تین مقامی لوگوں کی شناخت محمد شوکت، شبیر احمد اور سفیر حسین کی شکل میں ہوئی ہے جو جمعہ کو پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔