کشمیر میں چلہ کلان کا آغاز خشک موسم مگر ٹھٹھرتی سردیوں سے ہوا

[]

سری نگر: وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کا آغاز خشک موسم مگر ٹھٹھرتی سردیوں سے ہوا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ادھر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے وادی کے کئی علاقوں میں صبح کے وقت جہاں آبی ذخائر منجمد ہوئے تھے وہیں گھروں میں نصب نلوں کا پانی بھی جم گیا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔

لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سائیبریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 28 دسمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک مگر سرد رہنے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 22 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 دسمبر کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 28 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں خشک موسم مگر ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کی سلامی کے بیچ سردیوں کا بادشاہ ’چلہ کلان‘ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہوگیا۔چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *