[]
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سمیت اضلاع میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباو کے پیش نظر یہ بارش ہورہی ہے۔بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور کئی درخت گرگئے ہیں۔
جی ایچ ایم سی علاقہ میں سیری لنگم پلی میں سب سے زیادہ 4.6 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گولکنڈہ میں 4.1 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آج دوپہر 12 بجے تک شیخ پیٹ میں 6.8 ملی میٹر اور گولکنڈہ میں 3.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے اضلاع کھمم، محبوب آباد اور جنگاوں کیلئے ریڈالرٹ جاری کیا ہے۔
کریم نگر، سدی پیٹ، کاماریڈی اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیاگیا ہے۔عادل آباد، آصف آباد، منچریال،نرمل اضلاع کے لئے ایلوالرٹ جاری کیاگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے انتباہ کے پیش نظر کئی اضلاع کے انتظامیہ کو چوکس کر دیا گیا ہے۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں مقامی حکام آبی ذخائر، کم اونچائی، سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور وقتاً فوقتاً صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
کئی ضلع کلکٹریٹ دفاتر میں ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب شمالی اور وسطی تلنگانہ کے اضلاع میں آج تیسرے دن بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔کئی آبی پراجکٹس کی سطح آب میں بتدریج اضافہ ہوتاجارہا ہے۔
گریٹرحیدرآباد میں اسکولس اور دفاتر کے جانے کے اوقات میں بارش ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔کاماریڈی ضلع میں بارش کے پیش نظر عہدیداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ کاماریڈی کلکٹریٹ میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
کلکٹر نے مشورہ دیا ہے کہ کوئی بھی خستہ حال مکانات کے قریب نہ رہے۔ ان علاقوں میں نہ جانے کی وارننگ جاری کی گئی ہے جہاں ندیاں بہہ رہی ہیں۔ملگ ضلع میں بھی شدید بارش ہو رہی ہے۔
رامنا گوڈم پشکرگھاٹ میں پانی کی سطح 11 میٹر تک پہنچ گئی۔ حکام نے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ کو جب تک کوئی ضروری کام نہ ہو گھروں سے نہ نکلیں۔ کلکٹر ورنگل نے مسلسل بارش کے پیش نظر چوکسی کی خواہش کی ہے۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے ریڈ الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے، اس لیے ضلع میں ندی، نالوں اور تالابوں کے قریب عوام نہ جائیں تاکہ وہ امکانی حادثات سے بچ سکیں۔
انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ عوام پانی کے بہاؤ والے پلوں اور سڑکوں کے قریب محتاط رہیں۔ گاؤں کی سطح پر عہدیدار موجود ہیں اور اگر عوام کو کوئی پریشانی ہو تو فوری طور پر متعلقہ منڈل سطح اور ضلع سطح کے عہدیداروں کو مطلع کریں۔ساتھ ہی بوسیدہ مکانات میں رہنے والے افرادکو محفوظ مقامات پر منتقل کیاجائے۔
ضلع میں کل سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ گزشتہ روز ضلع بھر میں اوسطاً 27.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ بیلی منڈل میں 70.2 ملی میٹر، خانہ پور میں 41.2 ملی میٹر، ڈگونڈی اور گیسوکونڈاس میں 34.6 ملی میٹر، چناراو پیٹ میں 33.4 ملی میٹر، نرسم پیٹ میں 33.2 ملی میٹر، سنگم منڈل میں 16 ملی میٹر بارش ہوئی۔
آج بھی ضلع بھر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ونپرتی ضلع کے 14 منڈلوں میں اوسطاً 10.6 بارش ریکارڈ کی گئی۔ ضلع کے گھناپورم منڈل میں 14.8 ملی میٹر، ونپرتی منڈل مستقر میں 13.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گوپال پیٹ منڈل میں 13.6 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ آج صبح سے سب سے زیادہ 3.7 سنٹی میٹر بارش راجنا سرسلہ ضلع کے گاجا سنگارم میں ریکارڈ کی گئی۔ سدی پیٹ ضلع کے راگھواپور میں 3.3 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ان اضلاع کے ساتھ ساتھ ملگ، کاماریڈی، کھمم، محبوب نگر اور ورنگل اضلاع میں صبح 9 بجے سے کئی مقامات پر موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔