[]
تل ابیب: اسرائیلی دفاعی فورس (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ غزہ پٹی سے اسرائیل کی جانب پانچ راکٹ داغے گئے لیکن فضائی دفاعی دستوں نے ان کے اہداف کو ناکام بنا دیا۔
آئی ڈی ایف نے کہا ’’غزہ پٹی سے اسرائیل کی طرف پانچ راکٹ داغے گئے، لیکن اسرائیلی فوج کے فضائی دفاعی نیٹ ورک نے کامیابی سے تمام راکٹوں کو روک دیا۔‘‘آئی ڈی ایف نے کہا کہ اس سے قبل سیدیروٹ شہر سمیت غزہ پٹی کے قریب اسرائیلی علاقے میں سائرن سنے گئے تھے۔
آئی ڈی ایف نے کہا کہ اس نے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس سے تعلق رکھنے والے غزہ پٹی میں گولہ باری کی ایک فیکٹری اور ایک راکٹ بنانے کی تنصیب کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے منگل کو مغربی کنارے کے جنین میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی ختم کرنے کا اعلان کیا۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی کی کارروائی میں پانچ بچوں سمیت 12 افراد ہلاک جب کہ 140 دیگر زخمی ہوئے، جن میں 30 شہریوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیل نے اتوار کو مغربی کنارے میں برسوں میں اپنا سب سے بڑا فضائی اور زمینی حملہ کیا اور آئی ڈی ایف کے طیاروں نے جنین پناہ گزین کیمپ میں مبینہ دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے پر 10 سے زیادہ حملے کیے۔