[]
اسلام آباد: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ایسی کرکٹ کھیلنے آئے ہیں جو دونوں ممالک کے کرکٹ فینز کو پرجوش کرے۔
کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ سے قبل میڈیا ٹاک کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں رنز بنانے کی رفتار تیز کرنی ہوگی، بولرز 20 وکٹیں لیں گے تو ہمارے لیے پلانز پر عملدر آمد کرنا آسان ہو جائے گا۔
جیو نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بولنگ میں بہت آپشنز موجود ہیں، سڈنی میں گیند ریورس ہوتا ہے، وسیم جونیئر کو اس لیے ساتھ لائے ہیں، خرم شہزاد اور میر حمزہ دونوں ڈومیسٹک کے پرفارمر ہیں۔
شان مسعود نے بتایا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبداللہ شفیق اور امام الحق اوپننگ کریں گے، بابراعظم نمبر 4 پر کھیلیں گے جبکہ سرفراز احمد کو محمد رضوان پر ترجیح دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر دنیائے کرکٹ کے بہترین ایمبیسڈر ہیں، یہ سیریز ان کے لیے ایک جذباتی سیریز ہوگی، کوشش کریں گے ان کی آخری سیریز میں وارنر کے لیے مختلف چیلنجز لائیں۔
شان مسعود نے کہا کہ ہم یہاں آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں ہمیں کسی کا منہ بند نہیں کرنا، ہم اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کرکٹ کھیلیں گے، ہم ایسی کرکٹ کھیلیں گے جو کہ فینز کو پسند آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریزلٹ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے لیکن ہم مثبت انداز میں کھیلیں گے، ہمارے بارے میں رائے رکھنا ہر کسی کا حق ہے۔ میں نے زندگی میں ہمیشہ چیلنجز لیے ہیں، یہ ایک چیلنج ہے اور ایک اچھا موقع ہے۔
قومی ٹیسٹ کپتان نے کیا کہ آسٹریلیا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن ہے، ہم نے کسی ایک کو چیلنج نہیں کرنا، آسٹریلیا کا اسکواڈ بہت مضبوط ہے آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک نے ہر کنڈیشنز میں برتری حاصل کی ہے۔
شان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ اب بہت تبدیل ہو چکی ہے اور اس کے مطابق کھیلنا ہے، ہمارا گول یہی ہے کہ ہم نے اپنی شناخت بنانی ہے، آئیڈیل یہ ہے کہ ہم اچھی مہارت کا مظاہرہ کریں۔
پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ پر بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چار روزہ میچ ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے منگل کو آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے منعقدہ اعزازی تقریب میں شرکت کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے علاوہ پرائم منسٹر الیون کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ بدھ کے روز سے کینبرا میں کھیلا جائے گا جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔
تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن اور سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔